وزارت مذہبی امور کے مطابق پنجاب سے 46 ہزار 400، سندھ سے 23 ہزار 500، خیبر پختونخوا سے 11 ہزار 300، اسلام آباد سے 3 ہزار 933 اور بلوچستان سے 2 ہزار 555 عازمین نے پہلی قسط کے واجبات جمع کرائے ہیں۔ گلگت بلتستان سے 677 جبکہ آزاد کشمیر سے 362 عازمین بھی اپنی پہلی قسط جمع کرا چکے ہیں۔سرکاری حج اسکیم کے تحت 88 ہزار 700 عازمین نے حج کی پہلی قسط جمع کرا دی، جبکہ لانگ حج پیکیج کے تحت اب بھی ساڑھے 18 ہزار نشستیں دستیاب ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق نیشنل آئی ٹی بورڈ کے حج پورٹل پر آن لائن ادائیگی کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے، جہاں صرف تین روز کے دوران حج واجبات کی پہلی قسط کی مد میں 55 ارب روپے سے زائد وصول کیے گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے ادائیگی کے لیے پی ایس آئی ڈی اور مینول بینک چالان سمیت مختلف سہولیات دستیاب ہیں۔ مجموعی طور پر 40 فیصد عازمین نے ون لنک کارڈ کے ذریعے آن لائن ادائیگی کی، جبکہ بلوچستان میں آن لائن ادائیگی کا تناسب 72 فیصد رہا۔
وزارت مذہبی امور نے حج 2027 کے خواہشمند عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ حج پورٹل پر اپنے کوائف کی تکمیل اور واجبات کی ادائیگی کا عمل جلد مکمل کریں تاکہ اپنی نشست محفوظ کر سکیں۔ حکام کے مطابق 40 روزہ حج پیکیج کے لیے مطلوبہ تعداد مکمل ہونے کے بعد بکنگ کا عمل روک دیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے چار روز قبل وزیر مذہبی امور سردار یوسف سے ملاقات کے دوران حج انتظامات اور تیاریوں پر بریفنگ لی تھی۔ وزیراعظم نے عازمین حج کو بہترین سہولیات فراہم کرنے، تمام ضروری انتظامات بروقت مکمل کرنے اور حج آپریشن کو مؤثر انداز میں یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔
