Baaghi TV

بیلجیئم میں گاڑیاں بیچنے والا نوجوان ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد شہزادہ قرار

بیلجیئم میں کلیمنٹ وینڈن کرک ہوو نامی سابق کار سیلز مین 26 برس کی عمر میں شاہی خاندان کا حصہ بن گئے ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق بیلجیئم کے بادشاہ فلپ کے چھوٹے بھائی شہزادہ لورینٹ نے ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے نسبت ثابت ہونے کے بعد انہیں قانونی طور پر اپنا بیٹا اور وارث تسلیم کرلیا ہے26 سالہ کلیمنٹ وینڈن کرک ہوو کو تقریباً چھ ماہ قبل ایک سادہ سی تقریب میں قانونی طور پر شہزادہ لورینٹ کا بیٹا تسلیم کیا گیا تھا، تاہم اس پیش رفت کی تفصیلات اب سامنے آئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق شہزادہ لورینٹ نے بیلجیئم کی سول رجسٹری میں کلیمنٹ کی ولدیت کو تسلیم کرلیا ہےان کی والدہ اور پرنس لورینٹ کے درمیان 1990 کی دہائی میں تعلقات قائم ہوئے تھے دونوں کی ملاقات پیرس میں ایک فیشن شو کے دوران ہوئی تھی، تاہم یہ تعلق زیادہ عرصے تک قائم نہ رہ سکا بعد ازاں 2003 میں شہزادہ لورینٹ نے شہزادی کلیئر سے شادی کرلی تھی۔

کلیمنٹ کے مطابق انہیں اپنی ولدیت کے بارے میں حقیقت اس وقت معلوم ہوئی جب وہ 16 برس کے تھے ان کی والدہ نے انہیں بتایا کہ بیلجیئم کے شہزادہ لورینٹ ان کے والد ہیں،بیلجیئم کے ایک ٹی وی نیٹ ورک کو گزشتہ سال ستمبر میں دیے گئے انٹرویو میں کلیمنٹ نے بتایا تھا کہ والدہ کے بتانے کے چار سال بعد انہوں نے اپنے والد سے رابطہ کیا، جس کے بعد شہزادہ لورینٹ نے ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کی تجویز دی،بعد ازاں ڈی این اے ٹیسٹ نے اس دعوے کی تصدیق کر دی۔

اگرچہ کلیمنٹ قانونی طور پر شہزادہ بن گئے ہیں لیکن انہیں شاہی وظیفہ نہیں دیا جائے گا اور وہ شاہی خاندان کی جانب سے سرکاری یا عوامی سرگرمیوں میں بھی حصہ نہیں لیں گے البتہ انہیں اپنے والد کی نجی جائیداد میں سوتیلے بہن بھائیوں، شہزادی لوئیز، شہزادہ نکولس اور شہزادہ ایمرک کے برابر وراثتی حقوق حاصل ہوں گے۔

بیلجیئم کے شاہی خاندان میں ایسا ہی ایک معاملہ پہلے بھی سامنے آچکا ہےشہزادہ لورینٹ کے والد اور سابق بادشاہ البرٹ دوم نے اسی قسم کے الزامات پر 2013 میں بادشاہت سے دستبرداری اختیار کرلی تھی،بالاخر 2020 میں انہوں نے غیر ازدواجی تعلق کے دوران ایک بیٹی کی پیدائش کا اعتراف کرتے ہوئے اسے قانونی طور پر اپنی اولاد تسلیم کرلیا تھا۔

البرٹ دوم کی بیٹی ڈیلفین بوئل، جو ایک معروف فنکارہ ہیں، طویل عدالتی جنگ کے بعد شہزادی کا خطاب حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں اور اب ڈیلفین ڈی سیکس-کوبورگ کا خطاب استعمال کرتی ہیں۔

More posts