بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے راولپنڈی میں مبینہ طور پر شوہر اور سسر کے ہاتھوں قتل ہونے والی حنا جاوید کے حق میں آواز اٹھاتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں ریحام خان نے کہا کہ حنا جاوید کا معاملہ صرف ایک خاندان کا مسئلہ نہیں، وہ اسے اپنا خاندانی مسئلہ سمجھ کر اٹھائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کا قتل بہت ہوچکا، اب خاموشی بھی بہت ہوگئی ہے۔ریحام خان نے مزید کہا کہ حنا کے قتل سے بہت پہلے سے جاری مبینہ تشدد اور زیادتی کو نظرانداز کرنے والے یا اسے جاری رکھنے میں معاونت کرنے والے افراد بھی جرم میں شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو اچانک قتل نہیں کردیا جاتا بلکہ اس سے پہلے وہ تشدد برداشت کرتی ہیں، انہیں تشدد برداشت کرنے کا کہا جاتا ہے اور یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہتا ہے جب تک انہیں قتل نہیں کردیا جاتا۔
واضح رہے کہ راولپنڈی کے علاقے لال کرتی میں ایک خاتون کو مبینہ طور پر اس کے شوہر نے والد اور گھریلو ملازم کے ساتھ مل کر قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کی لاش گھر کے باتھ روم سے برآمد ہوئی، جبکہ واقعے میں ملوث شوہر اور گھریلو ملازم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی شادی تقریباً 9 ماہ قبل ہوئی تھی اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
