پنجاب کے ضلع گجرات میں معروف مذہبی شخصیت اور عالم دین مولانا طلحہ رضوی کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے جاں بحق کردیا۔
پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ گجرات کے علاقے شادیوال میں پیش آیا، جہاں مولانا طلحہ رضوی مدرسے میں قرآن پاک کی تلاوت میں مصروف تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔
مولانا طلحہ رضوی کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
واقعے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق قتل کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور نامعلوم ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے محرکات جاننے کی بھی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
