ملک میں مہنگائی کی جاری لہر کے باعث آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے، جس کے بعد روزمرہ استعمال کی اس بنیادی غذائی شے کی خریداری بھی شہریوں کے لیے مزید مشکل ہوگئی ہے۔ ادارہ شماریات کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق مختلف شہروں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت صرف ایک ہفتے کے دوران 100 روپے تک بڑھ گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 20 کلو آٹے کا تھیلا ملک کے دیگر شہروں کے مقابلے میں سب سے مہنگا فروخت ہورہا ہے، جہاں اس کی قیمت 3 ہزار 133 روپے 33 پیسے تک پہنچ گئی ہے۔ راولپنڈی میں یہی تھیلا 3 ہزار 93 روپے 33 پیسے تک میں فروخت ہورہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق خضدار میں ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں سب سے زیادہ 100 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بہاولپور میں آٹا 60 روپے اور حیدرآباد میں 40 روپے تک مہنگا ہوا۔
اسی طرح لاڑکانہ اور کوئٹہ میں آٹے کی قیمت میں 20، 20 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اضافے کے بعد کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2 ہزار 700 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق بنوں میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 900 روپے جبکہ پشاور میں 3 ہزار 100 روپے تک میں فروخت ہورہا ہے۔
آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے خصوصاً کم آمدن والے طبقے کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے، کیونکہ آٹا ملک بھر میں گھروں میں روزانہ استعمال ہونے والی بنیادی غذائی اشیا میں شامل ہے۔ مختلف شہروں میں قیمتوں کے نمایاں فرق کے باعث صارفین کو مقامی مارکیٹ کے حساب سے مختلف نرخوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ بڑھتی ہوئی قیمتیں شہریوں کے گھریلو بجٹ پر مزید بوجھ ڈال رہی ہیں۔
