Baaghi TV

کسی گرینڈ اپوزیشن اتحاد کا حصہ نہیں بنیں گے ،حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے واضح کیا ہے کہ جماعت اسلامی کسی گرینڈ اپوزیشن اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی بلکہ نظام کی تبدیلی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی سیاسی جدوجہد اپنے پلیٹ فارم سے جاری رکھے گی۔

لاہور میں سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ماضی میں سیاسی اتحاد جماعت اسلامی کے لیے فائدہ مند ثابت ہونے کے بجائے نقصان کا باعث بنے، اسی لیے اب جماعت اسلامی اپنی تحریک خود آگے بڑھانے کا فیصلہ کرچکی ہے۔

حکومت کی جانب سے مذاکرات کی دعوت کے حوالے سے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسلام آباد میں بات چیت کی پیشکش موصول ہوئی ہے، تاہم ایسا نہیں ہوسکتا کہ ملک کے مختلف شہروں میں دھرنے جاری ہوں اور دوسری جانب اسلام آباد میں بند کمروں کے اندر مذاکرات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو جماعت اسلامی کے مطالبات کو سنجیدگی سے لینا ہوگا۔

حافظ نعیم الرحمان نے خبردار کیا کہ احتجاجی دھرنا طویل اور صبر آزما ہوسکتا ہے، جبکہ جماعت اسلامی اپنے مطالبات کے حصول کے لیے احتجاجی تحریک کو مرحلہ وار آگے بڑھائے گی۔

امیر جماعت اسلامی نے بتایا کہ 13 ربیع الاول کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ اس کے بعد احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے پہیہ جام اور دیگر احتجاجی اقدامات بھی کیے جاسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ مرحلے میں اسلام آباد کی جانب فیصلہ کن مارچ کا آپشن بھی زیر غور ہے، جبکہ صوبائی دارالحکومتوں کے علاوہ ضلعی سطح پر بھی احتجاجی کیمپ قائم کیے جائیں گے۔

حافظ نعیم الرحمان کے مطابق احتجاجی تحریک میں پیدل مارچ اور اسلام آباد میں دھرنے سمیت مختلف آپشنز پر غور کیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی عوام کو متحرک کرکے اپنے مطالبات کی منظوری اور نظام کی تبدیلی کے لیے سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔

More posts