کیلیفورنیا: امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنی مصنوعات کی ترجیحات میں تبدیلی کے باعث سیکڑوں ملازمتیں ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے برطرفیوں کا آغاز کردیا ہے۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ایپل نے اپنے ویژن پرو اور سری ڈویژنز میں 200 سے زائد ملازمتیں ختم کی ہیں۔ کمپنی کی جانب سے یہ اقدام مصنوعی ذہانت، اسمارٹ گلاسز اور نئی ٹیکنالوجی پر زیادہ توجہ مرکوز کرنے کی حکمت عملی کے تحت کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ختم کی جانے والی ملازمتوں میں تقریباً نصف ویژن پرو ڈویژن سے ہیں، جبکہ باقی کٹوتیاں سری اور اس سے متعلق سافٹ ویئر ٹیموں میں کی گئی ہیں۔ ویژن پرو ڈویژن میں زیادہ تر ملازمتیں ان ٹیموں سے ختم کی گئی ہیں جو گیمنگ اور امیرسیو ویڈیو پر کام کررہی تھیں۔
ایپل کا کہنا ہے کہ ویژن پرو اور اس کے ویژن او ایس آپریٹنگ سسٹم کو ختم نہیں کیا جارہا، تاہم کمپنی کی بدلتی ہوئی ترجیحات کے باعث مختلف ٹیموں کی تنظیم نو کی جارہی ہے۔
سری ڈویژن میں ہونے والی کٹوتیوں کا زیادہ اثر پرانے ورژن کے اسسٹنٹ پر کام کرنے والے ملازمین پر پڑا ہے، کیونکہ کمپنی اب مصنوعی ذہانت سے لیس نئی سری کو مزید بہتر بنانے پر توجہ دے رہی ہے۔
ایپل نے ملازمین کی تعداد میں کمی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنظیم نو کے نتیجے میں کچھ نئی ملازمتیں بھی پیدا ہوں گی، جبکہ متاثرہ ملازمین کو کمپنی کے اندر دیگر عہدوں کے لیے درخواست دینے کا موقع دیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق ایپل گزشتہ کچھ عرصے سے ویژن پرو کے بجائے مصنوعی ذہانت سے لیس اسمارٹ گلاسز کی تیاری پر زیادہ توجہ دے رہا ہے۔ کمپنی نے ویژن پرو کے فوری جانشین کی تیاری کو مؤخر کرکے مستقبل کی نئی ٹیکنالوجی پر وسائل منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ویژن پرو کی ایک اہم خصوصیت امیرسیو ویڈیو ہے، تاہم ایپل کو اس شعبے میں زیادہ پیداواری لاگت اور محدود صارفین کے باعث مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ 3 ہزار 699 ڈالر قیمت ہونے کی وجہ سے ویژن پرو بڑے پیمانے پر مقبولیت حاصل نہیں کرسکا، جبکہ بعض صارفین نے اس کے وزن اور استعمال کے تجربے کو بھی مشکل قرار دیا۔
اس کے باوجود ایپل نے واضح کیا ہے کہ ویژن پرو اور ویژن او ایس کو ختم نہیں کیا جارہا اور کمپنی مستقبل میں اس کی نئی نسل متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
دوسری جانب ایپل اپنی پرانی سری سے بتدریج دور ہوتے ہوئے مصنوعی ذہانت پر مبنی نئے اسسٹنٹ کو مزید بہتر بنانے پر توجہ دے رہا ہے۔ کمپنی کا مقصد اے آئی ٹیکنالوجی کو اپنی آئندہ مصنوعات میں زیادہ مؤثر انداز میں شامل کرنا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ویژن پرو کی نگرانی کرنے والے ایپل کے ایک نائب صدر بھی حال ہی میں کمپنی چھوڑ کر اوپن اے آئی سے وابستہ ہوگئے ہیں، جبکہ ویژن پرو کے بعض منصوبوں پر کام کرنے والی ٹیموں کو مستقبل کے آگمنٹڈ ریالٹی گلاسز کی تیاری کی جانب منتقل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ایپل نے 2024 میں بھی کیلیفورنیا کے ایک دفتر سے 600 سے زائد ملازمین کو فارغ کیا تھا۔ اس وقت برطرفیوں کی بڑی وجہ کمپنی کے کار اور اسمارٹ واچ ڈسپلے منصوبوں کا خاتمہ بتایا گیا تھا۔
