Baaghi TV

وکالت سے آپ کو کوئی نہیں روک سکتا،عدالت کا شیر افضل مروت سے مکالمہ

pti

اسلام آباد ہائیکورٹ نے رکن قومی اسمبلی و وکیل شیر افضل مروت کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے سے متعلق درخواست نمٹا دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شاہ رخ ارجمند نے کیس کی سماعت کی، جس میں شیر افضل مروت اپنے وکیل عادل عزیز قاضی کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔دورانِ سماعت پولیس، ایف آئی اے اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے رپورٹس عدالت میں پیش کی گئیں۔ ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ نے عدالت کو بتایا کہ پولیس کے پاس شیر افضل مروت کے خلاف کوئی نیا مقدمہ درج نہیں، تاہم ان کے خلاف 2023 اور 2024 کے 15 مقدمات درج ہیں۔ایف آئی اے کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ شیر افضل مروت کے خلاف کوئی نیا کیس یا انکوائری درج نہیں ہے، جبکہ این سی سی آئی اے نے بھی عدالت کو آگاہ کیا کہ شیر افضل مروت کی گرفتاری کی ضرورت نہیں۔

اس موقع پر شیر افضل مروت نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے ایک ایسوسی ایٹ کو گرفتار کرکے اس پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسوسی ایٹ پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے تاکہ وہ ان کے خلاف سلطانی گواہ بن جائے۔شیر افضل مروت نے کہا کہ جو کام باقی نہیں کر سکے وہ این سی سی آئی اے نے کردیا تاکہ وہ وکالت بھی نہ کر سکیں۔جسٹس شاہ رخ ارجمند نے ریمارکس دیے کہ ’’آپ وکالت تو کر سکتے ہیں، وکالت سے آپ کو کوئی نہیں روک سکتا۔‘‘

عدالت نے پولیس، ایف آئی اے اور این سی سی آئی اے کی رپورٹس کی روشنی میں شیر افضل مروت کے خلاف مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے سے متعلق درخواست نمٹا دی۔

More posts