Baaghi TV

مریم نواز کا دورۂ چین، زراعت، ٹیکنالوجی اور صنعت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دورہ چین کے دوران پنجاب اور چین کے صوبے سنکیانگ کے درمیان زراعت، آبپاشی، لائیو اسٹاک، صنعت، معدنیات اور جدید ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

مریم نواز نے سنکیانگ کے پارٹی سیکرٹری چن شیاو جیانگ سے ملاقات کی، جس میں دونوں جانب سے باہمی تعاون کے مختلف شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سنکیانگ کے پارٹی سیکرٹری نے وزیراعلیٰ پنجاب کا پرتپاک خیرمقدم کیا، جس پر مریم نواز نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں زرعی شعبے کی ترقی اور پیداوار میں اضافے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر خصوصی توجہ دی گئی۔ دونوں جانب سے جدید ایریل وہیکلز، واٹر لیولنگ اور ڈیجیٹل کراپ مانیٹرنگ سمیت جدید زرعی طریقوں کو اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے زرعی مشینری، جدید آبپاشی نظام اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بہتر زرعی پیداوار کے لیے چین کے آزمودہ بیجوں سے بھی استفادہ کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب زرعی پیداوار کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے اور گندم، مکئی، گنے اور چاول سمیت اہم فصلوں کی ملکی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ پنجاب جدید زرعی ٹیکنالوجی کے ذریعے پیداوار، معیار اور کسانوں کی آمدن میں مزید اضافہ کرنا چاہتا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کارپوریٹ فارمنگ کے شعبے میں سنکیانگ کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کا خواہاں ہے۔ اس مقصد کے لیے جدید زرعی مشینری، آبپاشی کے مؤثر نظام، فصلوں کی نگرانی اور جدید کاشت کاری کے طریقوں میں چینی تجربات سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔

ملاقات کے دوران صنعت، معدنیات اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ لائیو اسٹاک اور زرعی پیداوار کے شعبوں میں مشترکہ تجربات اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پنجاب اور سنکیانگ کے درمیان مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو مزید آگے بڑھایا جائے گا تاکہ جدید ٹیکنالوجی اور تجربات کے تبادلے سے دونوں خطوں کو فائدہ پہنچ سکے۔

More posts