Baaghi TV

بھارت معروف گلوکار اور یوٹیوبر انکت بالیان نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے قتل

showbiz

بھارتی ہریانوی موسیقی کے معروف گلوکار اور یوٹیوبر انکت بالیان کو اتر پردیش کے شہر شاملی میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انکت بالیان بدھ کی شام تقریباً 7 بجے جم سے ورزش مکمل کرکے باہر نکلے تھے۔ جیسے ہی وہ اپنی گاڑی کے قریب پہنچے، چار نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ شروع کردی، حملہ آوروں نے تقریباً 12 گولیاں چلائیں، جن میں سے کئی گولیاں انکت کو لگیں اور وہ جانبر نہ ہوسکے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی کی جارہی ہے، پولیس قتل کی وجہ جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے۔

انکت بالیان ہریانوی گانوں کی وجہ سے کافی مقبول تھے ان کا تعلق شاملی کے گاؤں بنٹی کھیڑا سے تھا، تاہم وہ گزشتہ کچھ عرصے سے ہریانہ کے روہتک اور سونی پت میں رہ رہے تھے وہ گلوکاری کے ساتھ ساتھ یوٹیوب پر بھی سرگرم تھے اور اپنے گانوں اور ویڈیوز کے ذریعے مداحوں میں خاص مقام رکھتے تھے۔

ان کے مشہور گانوں میں ”بھاری کورٹ میں گولی ماریں گے میری جان“، ”گولی کے بارود“، ”جاٹ جاٹنی“ اور دیگر کئی گانے شامل تھے ان کی موسیقی میں دیسی انداز، علاقائی ثقافت اور نوجوانوں سے متعلق موضوعات نمایاں ہوتے تھے۔

انکت بالیان کے قتل کے بعد ایک گینگ کی جانب سے مبینہ طور پر ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ بھی سامنے آیا، تاہم پولیس نے اس حوالے سے حتمی تصدیق نہیں کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام ممکنہ پہلوؤں کو سامنے رکھتے ہوئے تحقیقات کی جارہی ہیں، واقعے کے بعد انکت بالیان کے اہل خانہ اور مقامی افراد نے احتجاج بھی کیا مظاہرین نے لاش سڑک پر رکھ کر ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا، اہل خانہ کا کہنا تھا کہ جب تک قاتل گرفتار نہیں ہو تے، وہ احتجاج جاری رکھیں گے۔

More posts