وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت دانش یونیورسٹی پر جائزہ اجلاس ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دانش یونیورسٹی میں کمزور طبقے کے طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم یقینی بنائی جائے گی، یونیورسٹی کا نظام روایتی یونیورسٹیز سے ہٹ کر اور بہترین رکھا جائے۔ دانش یونیورسٹی کے قیام کا مقصد غریب و متوسط طبقے کے طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرنا ہے، معاشی طور پر کمزور اور متوسط طبقے کے بچوں کی یونیورسٹی سے متعلق آگہی یقینی بنائی جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ یونیورسٹی کی تعمیر کی معینہ مدت کے ساتھ منصوبے کی تفصیلات آئندہ دو ہفتے میں مرتب کرکے پیش کی جائیں۔
دانش یونیورسٹی کے بورڈ کی جانب سے بین الاقوامی معیار کی فیکلٹی اور تعمیر کے پلان اور مراحل پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ دانش یونیورسٹی میں عالمی یونیورسٹیوں سے ڈگری یافتہ فیکلٹی کی تدریسی خدمات حاصل کی جائیں گی، امریکہ کے معروف کالج کی خدمات حاصل کرنے کیلئے اقدامات حتمی مراحل میں ہیں۔ فیکلٹی کی تفصیلات اور کالج کے ساتھ تدریسی نظام کے حوالے سے حالیہ مذاکرات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ یونیورسٹی کی تعمیر بین الاقوامی سطح پر رائج اسٹیٹ آف دی آرٹ کیمپس ڈیزائن کے مطابق کی جائے گی۔
اجلاس میں وفاقی وزراء ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، عطاء اللہ تارڑ، چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، دانش یونیورسٹی کے بورڈ کے ارکان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
