لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کے انعقاد کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، آئندہ سال جنوری میں لیگ کرانے کی تجویز زیرِ غور ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پی ایس ایل فرنچائزز کے مالکان کے درمیان آئندہ سیزن کے ممکنہ شیڈول پر مشاورت جاری ہے۔ لندن میں ہونے والے پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس میں بھی لیگ کے شیڈول سمیت مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوری میں پی ایس ایل کرانے کی صورت میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی دستیابی ایک بڑا چیلنج ہوسکتی ہے، کیونکہ اس دوران مختلف ممالک کی بین الاقوامی سیریز اور دیگر ٹی20 لیگز جاری ہوں گی۔
پنجاب میں جنوری اور فروری کے دوران شدید سردی اور دھند بھی میچز کے انعقاد میں مشکلات پیدا کرسکتی ہے، جبکہ موسم اور سفری حالات کو بھی شیڈول طے کرتے وقت مدنظر رکھا جائے گا۔
دوسری جانب پی ایس ایل کے موجودہ سیزن کے علاوہ سال کے وسط میں ایک اضافی ٹورنامنٹ کرانے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے، جس کا مقصد فرنچائزز اور براڈکاسٹرز کے لیے آمدن کے مزید مواقع پیدا کرنا ہے۔
قومی ٹیم اکتوبر اور نومبر میں سری لنکا اور انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کھیلے گی، جس کے بعد مارچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز شیڈول ہے۔ اسی دستیاب ونڈو کو پی ایس ایل کے آئندہ ایڈیشن کے لیے استعمال کرنے کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف مارچ میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز موجودہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل میں پاکستان کی آخری ٹیسٹ مہم بھی ہوگی۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے ابتدائی 9 ایڈیشنز فروری اور مارچ میں منعقد ہوتے رہے، تاہم بین الاقوامی کرکٹ کے مصروف شیڈول کے باعث گزشتہ 2 سیزنز میں لیگ کی تاریخوں میں تبدیلی کی گئی۔
2025 میں چیمپئنز ٹرافی اور 2026 میں ٹی20 ورلڈ کپ کے باعث پی ایس ایل کو اپریل اور مئی میں منتقل کیا گیا، جس کے نتیجے میں لیگ کا انعقاد بھارتی پریمیئر لیگ کے ساتھ ایک ہی عرصے میں ہوا۔
پی ایس ایل 12 کی حتمی تاریخوں اور مکمل شیڈول کا فیصلہ پی سی بی، فرنچائزز اور دیگر متعلقہ فریقین کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ فی الحال جنوری 2027 میں لیگ کرانے کی تجویز حتمی فیصلہ نہیں ہے۔
