ترک ڈرامہ سیریل ’کورولوش عثمان‘ میں ’میخائل کوسس‘ کا کردار ادا کرنے والے معروف اداکار سرحات مصطفیٰ کیلیچ استنبول میں اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے۔
ترک میڈیا کے مطابق 51 سالہ اداکار کو 5 ستمبر کو استنبول کے ضلع کاگتھانے میں واقع ان کے اپارٹمنٹ میں ان کی دوست اوزلم ای نے مردہ حالت میں پایا۔ اوزلم ای کے مطابق وہ 3 ستمبر سے سرحات کیلیچ سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہی تھیں، تاہم رابطہ نہ ہونے پر وہ اداکار کی خیریت معلوم کرنے کے لیے ان کے گھر پہنچیں۔
گھر میں داخل ہونے پر انہوں نے اداکار کو ایک کمرے میں کرسی پر بے حس و حرکت بیٹھے دیکھا اور محسوس کیا کہ وہ سانس نہیں لے رہے۔ فوری طور پر ایمرجنسی سروسز کو اطلاع دی گئی۔ طبی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور اداکار کی موت کی تصدیق کردی۔
اوزلم ای نے پولیس کو بتایا کہ سرحات کیلیچ لمفک کینسر میں مبتلا تھے۔ تاہم اداکار کی موت کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ ابتدائی معائنے میں جسم پر کسی جسمانی حملے کے آثار یا کھلے زخم نہیں ملے۔
حکام نے اداکار کی میت کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا ہے تاکہ موت کی اصل وجہ کا تعین کیا جاسکے۔
1975 میں پیدا ہونے والے سرحات مصطفیٰ کیلیچ نے 1998 میں تھیٹر سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا۔ وہ ترکیہ کے معروف فلم اور ٹی وی اداکاروں میں شمار ہوتے تھے۔ 2014 میں ان کی فلم ’کچ یوکوسو‘ نے کانز فلم فیسٹیول میں ایوارڈ بھی حاصل کیا۔
بعد ازاں انہوں نے ’سوز‘، ’کورولوش عثمان‘ اور ’محمد فاتح‘ سمیت متعدد مقبول ٹی وی سیریز میں اداکاری کے جوہر دکھائے، جبکہ ’کورولوش عثمان‘ میں میخائل کوسس کا کردار ان کی بین الاقوامی شناخت کا اہم ذریعہ بنا۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
