Baaghi TV

کیون پیٹرسن کی انگلینڈ وائٹ بال کوچنگ اسٹاف میں واپسی، اسپیشل مینٹور مقرر

انگلینڈ نے سابق اسٹار بلے باز اور ایشز فاتح کیون پیٹرسن کو 2027 آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے وائٹ بال کوچنگ ٹیم میں شامل کرلیا ہے۔

بی بی سی کے مطابق 46 سالہ کیون پیٹرسن خصوصی مشیر کی حیثیت سے انگلش ٹیم کے ساتھ ذمہ داریاں نبھائیں گے اور سری لنکا کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز سے اپنے نئے کردار کا آغاز کریں گے۔

کیون پیٹرسن رواں موسم سرما میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے دوروں پر بھی انگلش ٹیم کے ساتھ ہوں گے، جبکہ آئندہ موسم گرما میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے علاوہ 2027 ورلڈ کپ میں بھی ان کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

انگلینڈ کے وائٹ بال ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم نے کہا کہ کیون پیٹرسن نے انگلش کرکٹ پر گہرا اثر ڈالا ہے، ان کا تجربہ، علم اور قد و قامت ٹیم کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوگا۔

کیون پیٹرسن انگلینڈ کے کامیاب ترین وائٹ بال بلے بازوں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے 2010 میں انگلینڈ کو پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا اور ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے۔

انہوں نے انگلینڈ کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں تقریباً 4 ہزار 500 رنز بنائے، جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں ایک ہزار سے زائد رنز بنانے والے انگلش بلے بازوں میں ان کی بیٹنگ اوسط سب سے بہتر ہے۔

پیٹرسن نے 2014 میں انگلینڈ کی جانب سے آخری مرتبہ کرکٹ کھیلی تھی۔ ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے کمنٹیٹر اور مواد تخلیق کار کی حیثیت سے کام کیا، جبکہ انڈین پریمیئر لیگ میں دہلی کیپٹلز کے ساتھ بطور مشیر بھی خدمات انجام دیں۔

کیون پیٹرسن نے کہا کہ جنوبی افریقا میں ہونے والے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کو کامیابی دلانے کے سفر میں مدد کرنے کا موقع ملنا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2014 کے بعد دوبارہ انگلینڈ کی وردی پہننا ان کے لیے انتہائی خاص اور اعزاز کا لمحہ ہوگا۔

More posts