وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت پاسکو اور یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش کے عمل سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں دونوں اداروں کی بندش میں اب تک ہونے والی پیشرفت، باقی ماندہ کام اور انتظامی و مالی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران یوٹیلٹی اسٹورز کے ریکس اور دیگر منقولہ اثاثوں کی نیلامی کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت پر وزیر خزانہ کو بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ یوٹیلٹی اسٹورز کی جائیدادوں کی تلفی یا منتقلی کے لیے کیے جانے والے انتظامات اور اس سلسلے میں درپیش مختلف امور پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کے تصدیق شدہ وینڈر واجبات کی ادائیگیاں کردی گئی ہیں، جبکہ ادارے میں موجود باقی ماندہ اسٹاک کو مقررہ طریقہ کار کے تحت نمٹانے کا عمل جاری ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اسٹاک کی تلفی اور دیگر معاملات میں طے شدہ ضابطہ کار پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بندش کے عمل کے دوران شفافیت اور قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی کی جائے۔
اجلاس میں پاسکو کی بندش کے عمل، موجود اسٹاک اور دیگر باقی ماندہ امور کی تکمیل کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ کو بتایا گیا کہ مختلف صوبوں میں موجود پاسکو کے اسٹاک کی منتقلی کے لیے ضروری انتظامات کیے جارہے ہیں۔
محمد اورنگزیب نے ہدایت کی کہ صوبائی حکام کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کے ذریعے پاسکو اسٹاک کی منتقلی سمیت بندش سے متعلق تمام معاملات مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں، تاکہ عمل میں غیر ضروری تاخیر نہ ہو۔
وزیر خزانہ نے یوٹیلٹی اسٹورز سے متعلق زیرِ سماعت مقدمات کا بھی نوٹس لیا اور ہدایت کی کہ دونوں اداروں کی بندش کے ساتھ تمام قانونی، مالی اور انتظامی تقاضے بھی مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بندش کے کسی بھی مرحلے پر قانونی یا انتظامی پیچیدگی کو نظر انداز نہ کیا جائے۔
محمد اورنگزیب نے پاسکو اور یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش کا عمل جلد مکمل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ باقی ماندہ تمام امور واضح ذمہ داریوں اور عملی مدتِ کار کے تحت نمٹائے جائیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو پیشرفت کا تسلسل برقرار رکھنے اور تمام معاملات مربوط انداز میں آگے بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ اداروں کی بندش کے عمل میں شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور عوامی وسائل کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اثاثوں، اسٹاک، واجبات اور دیگر مالی معاملات کو طے شدہ طریقہ کار کے مطابق نمٹایا جائے تاکہ دونوں اداروں کی بندش کا عمل شفاف، مؤثر اور بروقت مکمل ہوسکے۔
اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ پاسکو اور یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش کے دوران باقی رہ جانے والے تمام قانونی، مالی، انتظامی اور اثاثہ جاتی معاملات کو مقررہ مدت میں نمٹایا جائے تاکہ دونوں اداروں کی بندش کا عمل کسی غیر ضروری تاخیر کے بغیر مکمل کیا جاسکے۔
