Baaghi TV

ظاہر پیر کا آج اور کل، امکانات، مسائل اور چیلنجز،تحریر: رئیس عنایت اللہ چاچڑ

ظاہر پیر ایک ایسا شہر ہے جو اپنی جغرافیائی اہمیت، تجارتی سرگرمیوں اور مصروف شاہراہوں کے باعث دن بدن وسعت اختیار کر رہا ہے، مگر آبادی اور ٹریفک میں اضافے کے مقابلے میں شہری سہولیات اور ٹریفک کا بنیادی ڈھانچہ ابھی بھی توجہ کا منتظر ہے۔ شہر کی مرکزی شاہراہ پر مناسب چوراہوں اور منظم ٹریفک نظام کا فقدان شہریوں کے لیے ایک مستقل مسئلہ بن چکا ہے۔ خاص طور پر معروف چاچڑاں روڈ پر جب بڑے ٹرالر، ٹرک اور دیگر بھاری گاڑیاں داخل ہوتی ہیں تو اکثر ٹریفک کی روانی متاثر ہو کر طویل انتظار اور مشکلات کا سبب بنتی ہے۔ بینظیر روڈ بھی ظاہر پیر کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔ یہ سڑک کے ایل پی ظاہر پیر انٹرچینج، سی پیک اور مٹھن کوٹ و راجن پور کی جانب آمدورفت کا اہم ذریعہ ہے، مگر سنگل سڑک ہونے کے باعث اس پر ٹریفک کا دباؤ بڑھتا جا رہا ہے اور حادثات بھی معمول بنتے جا رہے ہیں۔ اگر بینظیر روڈ کو جدید تقاضوں کے مطابق ون وے یا مناسب ڈوئل کیرج وے کی صورت میں ترقی دی جائے تو نہ صرف حادثات میں کمی لائی جا سکتی ہے بلکہ شہری و تجارتی سرگرمیوں کو بھی نئی رفتار مل سکتی ہے۔

ظاہر پیر کا معروف چوک، جو ملک بھر میں ’’چوک ظاہر پیر‘‘ کے نام سے پہچانا جاتا ہے، آج بھی ایک باقاعدہ ٹرانسپورٹ اڈے کا منتظر ہے۔ بسوں، ویگنوں اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے مخصوص اڈا نہ ہونے کے باعث ٹریفک پورے چوک میں بے ترتیب انداز میں گردش کرتی رہتی ہے۔ مناسب ٹرانسپورٹ ٹرمینل کا قیام اس بدنظمی کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ اسی طرح برسوں قبل ظاہر پیر کے وسط میں غلہ منڈی کے قیام کے لیے جگہ مختص کی گئی، مگر یہ منصوبہ تاحال عملی شکل اختیار نہیں کر سکا۔ اگر اس منصوبے کو ازسرنو فعال کیا جائے تو زرعی اجناس کی خرید و فروخت کو منظم کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی تجارت اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔ تعلیم کے میدان میں بھی ظاہر پیر کو ایک اہم ضرورت درپیش ہے۔ سرکاری سطح پر بوائز ڈگری کالج کا قیام وقت کی اشد ضرورت بن چکا ہے تاکہ مقامی طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے لیے دور دراز علاقوں کا رخ نہ کرنا پڑے۔ اسی طرح ظاہر پیر سے خانپور جانے والی مصروف ترین شاہراہ کو بھی جدید ٹریفک تقاضوں کے مطابق بہتر اور ون وے کرنے کی ضرورت ہے۔

ظاہر پیر کے مسائل بہت ہیں، مگر امکانات بھی کم نہیں۔ ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ مسائل کی نشاندہی کے بعد انہیں ترجیحات میں شامل کیا جائے اور منصوبوں کو فائلوں سے نکال کر عملی میدان میں لایا جائے۔ اگر ٹریفک، سڑکوں، ٹرانسپورٹ، تجارت اور تعلیم کے شعبوں پر سنجیدگی سے توجہ دی جائے تو ظاہر پیر کا آج یقیناً بہتر اور اس کا کل کہیں زیادہ روشن ہو سکتا ہے۔

More posts