اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان میں موجود تمام افغان طلبہ کو واپس بھیجنے سے متعلق کوئی عمومی یا یکطرفہ فیصلہ نہیں کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان میں جائز ڈگری پروگراموں میں داخل اور درست ویزا رکھنے والے افغان طلبہ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں گے اور اپنی ڈگریاں مکمل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ایسے افغان طلبہ جو یونیورسٹی میں رجسٹرڈ نہیں ہیں یا جن کے پاس درست ویزا موجود نہیں، انہیں پاکستان چھوڑ کر واپس جانا ہوگا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دنیا بھر میں یہ توقع کی جاتی ہے کہ کسی دوسرے ملک میں تعلیم حاصل کرنے والے طالب علم کے پاس تعلیم کے مقصد کے لیے درست ویزا موجود ہو۔ پاکستان میں افغان طلبہ کے خلاف کوئی عمومی یا بلاامتیاز پابندی عائد نہیں کی گئی۔انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ درست ویزا اور جائز ڈگری پروگرام میں رجسٹریشن رکھنے والے افغان طلبہ پاکستان میں اپنی تعلیم جاری رکھیں گے اور اسے مکمل کریں گے
