اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے آئندہ انتخابات کے لیے غیر معمولی طور پر دو سال قبل ہی انتخابی سرگرمیوں کی تیاری شروع کردی اور ملک بھر میں انتخابی افسران و عملے کا ڈیٹا بینک اپ ڈیٹ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز کو مراسلہ ارسال کردیا، جس کے بعد صوبائی حکام نے تمام ضلعی الیکشن کمشنرز کو انتخابی عملے کا ڈیٹا بینک اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ تمام سرکاری محکموں میں کام کرنے والے افسران اور اہلکاروں کا ریکارڈ مرتب کیا جائے۔ تمام ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز کو ڈیٹا بینک کی تکمیل کے لیے 10 روز کی مہلت دی گئی ہے۔مراسلے کے متن کے مطابق ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز 10 روز میں ڈیٹا بینک مکمل کرکے اس کی تصدیق الیکشن کمیشن سندھ کو بھجوائیں گے۔ انتخابی افسران کا اپ ڈیٹڈ ڈیٹا بینک آئندہ انتخابات کے دوران بروقت انتظامی و انتخابی اقدامات کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے ضلعی سطح پر انتخابی عملے کا ریکارڈ مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ پولنگ اسٹیشنز کی فہرست بھی اپ ڈیٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سلسلے میں چاروں صوبوں کے تمام اضلاع میں موجودہ پولنگ اسٹیشنز کی تصدیق کی ہدایت جاری کردی گئی ہے جبکہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز کو نئے پولنگ اسٹیشنز کے لیے موزوں عمارتوں کی نشاندہی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر اضافی پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔ تمام اضلاع میں پولنگ اسٹیشنز کی موجودہ فہرست کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا اور نئے پولنگ اسٹیشنز کے لیے موزوں سرکاری و دیگر عمارتوں کی نشاندہی کی جائے گی۔
