Baaghi TV

میر رضا کیس،شہریوں کی جانب سے کمیشن کومعلومات کی فراہمی شروع

کراچی: میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن کے رجسٹرار عبد الماجد کو شہریوں کی جانب سے معلومات ملنا شروع ہوگئی ہیں۔

رجسٹرار کمیشن عبد الماجد کے مطابق شہریوں کی جانب سے 5 ای میلز اور واٹس ایپ پیغامات موصول ہوئے ہیں۔ ایک شہری نے میر رضا کے ڈیجیٹل اکاؤنٹس سے متعلق معاونت کی پیشکش کی، جبکہ دوسرے شہری نے ڈیجیٹل فٹ پرنٹس سے متعلق معلومات فراہم کی ہیں۔عبد الماجد نے بتایا کہ شہریوں کی جانب سے فراہم کردہ تمام معلومات انویسٹی گیشن ٹیم کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔ ایک شہری نے ایک مشکوک شخص کی نشاندہی کرتے ہوئے اس سے بھی تحقیقات کرنے کی درخواست کی ہے۔رجسٹرار کمیشن کے مطابق ایک شہری نے کلاؤڈ لاگ اِن سے متعلق بھی اہم معلومات فراہم کی ہیں۔ کمیشن سے رابطہ کرنے والے شہریوں کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔

دوسری جانب میر رضا کا پہلا پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر اسامہ کی جانب سے جاری کیے گئے شوکاز نوٹس کا جواب بھی جمع کرا دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر اسامہ کے والد نے ان کی جانب سے جواب جمع کرایا۔

خیال رہے کہ کراچی کا نوجوان میر رضا علی خان 28 جولائی کو پاکستان ایمپلائیز ہاؤسنگ سوسائٹی (پی ای سی ایچ ایس) سے لاپتا ہوا تھا۔ وہ صبح 4 بج کر 9 منٹ پر آن لائن ٹیکسی کے ذریعے گھر سے روانہ ہوا تھا، جبکہ دو روز بعد اس کی لاش گلستانِ جوہر سے برآمد ہوئی تھی۔پولیس حکام کے مطابق میر رضا کی لاش انتہائی بری حالت میں ملی تھی اور اس کے سینے میں گولی لگی ہوئی تھی۔ لاش ملنے سے ایک روز قبل اس کے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی بند کردیئے گئے تھے۔مقتول کے والد کے مطابق میر رضا کا 30 اگست کو گلشنِ اقبال کی بیت المکرم مسجد میں نکاح ہونا تھا اور وہ اپنی نئی زندگی کے آغاز کے حوالے سے بہت خوش تھا۔

More posts