Baaghi TV

میر رضا قتل کیس، وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار کی جوڈیشل کمیشن میں غیر مشروط معافی

کراچی: میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار پیش ہوئے اور غیر مشروط معافی مانگ لی۔

جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا، جس میں وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے شرکت کی۔اس موقع پر جسٹس عمر سیال نے ریمارکس دیے کہ میر رضا کے اہلخانہ کا اعتماد بہت ہی کم ہے، جبکہ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے آگ پر پٹرول چھڑکنے کا کام کیا۔وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے کہا کہ سندھ حکومت نہیں چاہتی کہ کوئی یہ سمجھے کہ حکومت تحقیقات نہیں چاہتی۔ ہماری خواہش ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات ہوں اور لواحقین کو انصاف ملے۔انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کا نتیجہ آنا ضروری ہے تاکہ حقائق سامنے آسکیں، جبکہ جو لوگ بھی ملوث ہوئے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

میر رضا کے والد کے وکیل جبران ناصر نے کمیشن سے میر رضا کے بزنس پارٹنر کو دوبارہ طلب کرنے کی استدعا کی۔ جبران ناصر نے مؤقف اختیار کیا کہ احمد کی جانب سے کمیشن پر الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

اجلاس کے دوران شہریوں کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کو میر رضا کے ڈیجیٹل اکاؤنٹس، ڈیجیٹل فٹ پرنٹس اور کلاؤڈ لاگ اِن سے متعلق معلومات بھی فراہم کی گئیں۔بعد ازاں جوڈیشل کمیشن نے میر رضا کا پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر اسامہ، ڈاکٹر سمیہ، ایس ایچ او عدیل افضال اور ہیڈ محرر ذیشان کو طلب کرلیا۔

More posts