پنجاب میں اسکول ٹیچر انٹرنز (ایس ٹی آئیز) کی بھرتی کی سمری منظور کرلی گئی ہے، جس کے بعد صوبے کے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی کمی پوری کرنے کے لیے عارضی بنیادوں پر نوجوانوں کی تعیناتی کا عمل آگے بڑھ گیا ہے۔
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے اعلان کیا ہے کہ نئے بھرتی کیے جانے والے اسکول ٹیچر انٹرنز رواں ہفتے سرکاری اسکولوں میں رپورٹ کریں گے۔ ان کی تعیناتی کا بنیادی مقصد مختلف سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنا اور تدریسی عمل کو مؤثر انداز میں جاری رکھنا ہے۔
وزیر تعلیم کے مطابق اسکول ٹیچر انٹرنز کو عارضی بنیادوں پر تدریسی خدمات کے لیے رکھا جا رہا ہے۔ ایس ٹی آئیز کو پرائمری، ایلیمنٹری اور سیکنڈری سطح کے سرکاری اسکولوں میں تدریس کی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔
رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ ٹیچر انٹرنز پروگرام صرف سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی کمی دور کرنے تک محدود نہیں بلکہ اس کے ذریعے نوجوانوں کو عملی تدریسی تجربہ حاصل کرنے کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔ انٹرنز تدریسی ماحول میں کام کرکے اپنے پیشہ ورانہ تجربے اور صلاحیتوں میں اضافہ کرسکیں گے۔
