Baaghi TV

شہباز شریف سے گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد کی ملاقات، پولیو کے خاتمے اور ڈیجیٹل ادائیگیوں پر گفتگو

اسلام آباد میں گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور فاؤنڈیشن کے درمیان مختلف شعبوں میں جاری تعاون اور مستقبل میں شراکت داری کو مزید مؤثر بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد میں گیٹس فاؤنڈیشن کی نمائندگان کلپنا کوچر اور انیتا زیدی شامل تھیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کو درپیش مختلف ترقیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کی مسلسل معاونت اور شراکت داری کو سراہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پولیو کے مکمل خاتمے کے مشترکہ ہدف کے حصول کے لیے پرعزم ہے اور پولیو کے خاتمے کے قومی پروگرام کو اعلیٰ ترین سطح پر سرپرستی حاصل ہے۔ انہوں نے پولیو کے خاتمے سمیت صحت کے شعبے میں گیٹس فاؤنڈیشن کے کردار کو بھی قابل قدر قرار دیا۔

محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گیٹس فاؤنڈیشن نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے، صحت، غذائیت، مالیاتی شمولیت اور معاشرے کے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔

وزیراعظم نے حکومت کی اصلاحاتی ترجیحات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیاں، غذائی تحفظ، زچہ و نوزائیدہ صحت، غربت کا خاتمہ اور موسمیاتی تبدیلی جیسے اہم شعبے گورننس ریفارمز ایجنڈے کا حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیش لیس اکانومی پاکستان حکومت کے تبدیلی کے ایجنڈے کا بنیادی حصہ ہے۔ کیش لیس پاکستان کا مقصد عام شہریوں کی زندگی آسان بنانا، حکومتی نظام میں شفافیت کو فروغ دینا اور سرکاری رقوم بغیر کسی تاخیر یا ضیاع کے مستحقین تک پہنچانا ہے۔

محمد شہباز شریف نے کہا کہ حکومت اور گیٹس فاؤنڈیشن کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں ملک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے رجحان میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مستحق خواتین کو مالی معاونت براہ راست، محفوظ اور باوقار انداز میں ملنی چاہیے۔

وزیراعظم نے گیٹس فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر خواتین کی مالیاتی شمولیت اور معاشی خودمختاری کے لیے مزید مرکوز اور مؤثر اقدامات پر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور گیٹس فاؤنڈیشن کے درمیان مختلف شعبوں میں جاری تعاون کا جائزہ لیا گیا جبکہ باہمی شراکت داری کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

More posts