Baaghi TV

حمزہ شہباز کا پمز ہسپتال کا دورہ، آتشزدگی میں جاں بحق بچوں کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت

پاکستان مسلم لیگ ن کے نائب صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے پمز اسپتال کا دورہ کیا اور آتشزدگی کے واقعے میں متاثرہ بچوں کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا

تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز نے پمز اسپتال میں دو جاں بحق بچوں کے لواحقین سے ملاقات کی اور ان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کوئی وضاحت یا الفاظ متاثرہ خاندانوں کے غم کو کم نہیں کرسکتے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ وہ یہاں کسی سیاسی حیثیت سے نہیں بلکہ ایک انسان کی حیثیت سے آئے ہیں۔ پمز میں ایک ایسا خاندان موجود ہے جس کے دو بچے اللہ کو پیارے ہوگئے، جبکہ ابتدائی طور پر ان کی حالت تشویش ناک تھی، تاہم اب صورتحال سنبھل گئی ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے پر پوری قوم رنجیدہ ہے اور وہ متاثرہ خاندانوں کا غم بانٹنے کے لیے یہاں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوشش کی جائے گی کہ مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ بطور قوم ہمیں اپنی ذمہ داری کا احساس ہونا چاہیے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سنجیدہ اقدامات ضروری ہیں۔ جن خاندانوں کے پیارے ان سے بچھڑ گئے ہیں، اللہ تعالیٰ ان کے غم کو سکون میں بدل دے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پمز کا یہ سانحہ پوری قوم کے لیے انتہائی افسوسناک ہے اور اس واقعے سے ہر شخص رنجیدہ ہے۔ یہ ایسے زخم ہیں جنہیں مندمل ہونے میں وقت درکار ہوگا۔

More posts