لاہور: پنجاب میں مون سون بارشوں کا نواں اور آخری اسپیل آج سے شروع ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث 12 سے 17 ستمبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور اٹک میں بارش کا امکان ہے، جبکہ لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات، وزیرآباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ اور ننکانہ صاحب میں بھی بادل برس سکتے ہیں۔ترجمان کے مطابق سرگودھا، خوشاب، نورپور تھل، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں بھی بارش متوقع ہے۔پی ڈی ایم اے نے مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے سے بھی آگاہ کیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں شدید بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
