Baaghi TV

لاہور: مبینہ زہریلا کھانا کھانے سے 2 بچے جاں بحق، والدین کی حالت تشویشناک

لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے دو بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کے والدین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ ہربنس پورہ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں میاں بیوی اور ان کے دو بچوں نے گزشتہ رات کا بچا ہوا سالن اور آلو گوبھی کھایا۔

پولیس کے مطابق کھانا کھانے کے کچھ ہی دیر بعد چاروں افراد کی حالت اچانک بگڑ گئی، جس پر انہیں فوری طبی امداد کی ضرورت پیش آئی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے اور متاثرہ افراد کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کردیا۔

ہسپتال میں زیر علاج دونوں بچے دوران علاج دم توڑ گئے۔ حکام کے مطابق جاں بحق بچوں کی شناخت قدیر اور عاصمہ کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ ان کے والدین کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر کرائم سین یونٹ اور فرانزک ماہرین بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ فرانزک ٹیم نے صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کھانے کے نمونے اور دیگر شواہد جمع کرنا شروع کردیئے ہیں تاکہ بچوں کی موت اور والدین کی بگڑتی ہوئی حالت کی اصل وجہ کا تعین کیا جاسکے۔ اس سلسلے میں فوڈ ڈپارٹمنٹ کی ٹیم کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

فرانزک ماہرین کے مطابق ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ کھانے میں چھپکلی گرنے کے باعث کھانا زہریلا ہوا، تاہم اس حوالے سے حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اصل وجہ فرانزک اور دیگر تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گی۔ پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ فرانزک ماہرین کی جانب سے جمع کیے گئے کھانے کے نمونوں اور دیگر شواہد کی جانچ کے بعد صورتحال مزید واضح ہونے کا امکان ہے۔

More posts