Baaghi TV

بھارت کی ہٹ دھرمی برقرار، ویمنز ٹیم کا بھی محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار

بھارت نے ایک بار پھر کھیل کو سیاست سے جوڑتے ہوئے ویمنز ایشیاکپ کو بھی تنازع کا شکار بنا دیا۔ ویمنز ایشیاکپ کا فائنل جیتنے کے بعد بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا۔

ایشین کرکٹ کونسل کے ذرائع کے مطابق ویمنز ایشیاکپ فائنل کی تقریب میں ٹرافی دینے کا پروٹوکول پہلے سے مکمل طور پر طے تھا اور فاتح بھارتی ٹیم کو ٹرافی پیش کرنے کے لیے دستیاب بھی تھی، تاہم بھارتی ٹیم نے خود ٹرافی وصول نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اب ٹرافی کو ایشین کرکٹ کونسل کے دفتر منتقل کیا جائے گا۔

اے سی سی ذرائع کے مطابق کونسل کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ محسن نقوی اپنے مؤقف سے پہلے بھی ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے اور آج بھی اسی مؤقف پر قائم ہیں۔ ذرائع کے مطابق بھارت کی پچھلی ٹرافی بھی دستیاب ہے اور اب صرف اس کی وصولی کا انتظار ہے۔

بھارتی خواتین ٹیم نے ویمنز ایشیاکپ میں ریکارڈ آٹھویں مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ فائنل میں بھارت نے دفاعی چیمپئن سری لنکا کو 72 رنز سے شکست دی۔ بھارت نے سری لنکا کو کامیابی کے لیے 184 رنز کا ہدف دیا، تاہم سری لنکن ٹیم ہدف کے تعاقب میں 111 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ سری لنکا کی جانب سے کپتان چماری اَتھاپَتھُو نے 36 جبکہ نیلکشیکا سلوا نے 22 رنز بنائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال بھارت کی مینز کرکٹ ٹیم نے بھی ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

More posts