Baaghi TV

جنوبی بحیرۂ چین میں ویتنامی جہاز ڈوب گیا، سرچ آپریشن جاری

hurmas

جنوبی بحیرۂ چین میں ویتنام کا ایک جہاز حادثے کا شکار ہو کر ڈوب گیا، جس کے بعد چینی اور ویتنامی امدادی ٹیموں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 37 افراد کو بحفاظت بچا لیا، جبکہ لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔

جنوبی بحیرۂ چین میں نانشا جزائر کے قریب یونگشو ریف کے علاقے میں ویتنام کا ایک بحری جہاز حادثے کا شکار ہو کر ڈوب گیا، جس کے بعد بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا،اتوار کی صبح ساڑھے 7 بجے تک حادثے کا شکار ہونے والے جہاز سے 37 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے تمام بچائے گئے افراد ویتنامی شہری ہیں۔

حکام نے بتایا کہ ’خوئی نگوین 18‘ نامی اس جہاز پر عملے سمیت مجموعی طور پر 62 افراد سوار تھے، جن میں سے باقی افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں بدستور جاری ہیں،ہفتے کی شام مقامی وقت کے مطابق تقریباً 6 بج کر 23 منٹ پر چین کی وزارتِ ٹرانسپورٹ کے نان ہائی ریسکیو بیورو کے امدادی جہاز نان ہائی جیو 115 نے سمندر میں ہنگامی راکٹ پیراشوٹ سگنل دیکھا، جس کے بعد فوری طور پر ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا گیا۔

چینی حکام کے مطابق سرچ اینڈ ریسکیو کارروائی میں اس وقت چین کے چھ بحری جہاز، ایک امدادی ہیلی کاپٹر اور ویتنام کا ایک جہاز حصہ لے رہے ہیں،سانشا میری ٹائم سرچ اینڈ ریسکیو حکام نے بتایا کہ ’خوئی نگوین 18‘ ویتنام میں رجسٹرڈ جہاز تھا، جس کی لمبائی تقریباً 70 میٹر، چوڑائی 10.8 میٹر اور مجموعی وزن 999 گراس ٹن تھا، لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے، جبکہ جہاز ڈوبنے کی وجوہات جاننے کے لیے بھی تحقیقات کی جائیں گی۔

More posts