Baaghi TV

عدالت سے رابی پیر زادہ کی حاضری سےاستثنی کی درخواست

شوبز سے کنارہ کشی اختیار کر کے اسلام کے مطابق زندگی گزارنے کا عزم کرنے والی رابی پیرزادہ کے وکیل نے عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے کہا ہے کہ رابی پیرزادہ کو مسلسل دھمکیاں دی جا رہی ہیں اس لیے وہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکتیں

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لاہور کی ماڈل ٹاؤن کچہری میں رابی پیرزادہ کے خلاف غیرقانونی طور پر مگر مچھ اور سانپ پالنے کے خلاف درخواست پرجوڈیشل مجسٹریٹ حارث صدیقی نے سماعت کی دوران سماعت رابی پیرزادہ کے وکیل حسن خالد رانجھانے مقدمہ میں بریت کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ رابی پیرزادہ کا اس مقدمہ میں کوئی کردار نہیں ہے محکمہ جنگلی حیات نے کارروائی پہلے شروع کی سرچ وارنٹ بعد میں لیے

وکیل نے کہا محکمہ جنگلی حیات نے ذاتی رنجش کی بنیاد پر رابی پیرزادہ کو مقدمہ میں ملوث کیا بیرسٹر حسن خالد رانجھا نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ عدالت مقدمے میں رابی پیرزادہ کو بری کرنے کا حکم دے

علاوہ ازیں رابی پیرزادہ کے وکیل نے ان کی حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ رابی پیرزادہ کو مسلسل دھمکیاں دی جا رہی ہیں ان کی جان کو خطرہ ہے لہذا وہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکتیں

واضح رہے کہ محکہ تحفظ جنگلی حیات نے گزشتہ برس 13 ستمبر کو گلوکارہ رابی پیرزادہ کے خلاف غیر قانونی طور پر اژدھے، سانپ اور مگر مچھ رکھنے کے الزام میں وائلڈ لائف ایکٹ 1974 ترمیم شدہ 2007 کے تحت تحفظ شدہ حشرات کو غیر قانونی طور پر اپنے گھر میں رکھنے پر چالان درج کیاتھا

ڈسٹرکٹ وائلڈ لائف آفیسر تنویر جنجوعہ کے مطابق رابی پیرزادہ نے سوشل میڈیا پر اژدھے، سانپوں، مگر مچھ اورشیر کے ساتھ اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی تھیں جس کی بنا پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی

More posts