Baaghi TV

افغان طالبان کا اسلحہ اسمگلنگ کا الزام پاکستان نے مسترد کردیا

‎وزارت اطلاعات و نشریات نے افغانستان سے پاکستان پر ہتھیاروں کی مبینہ اسمگلنگ کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔
‎وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان طالبان کی جانب سے لگایا گیا الزام اصل صورتحال سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ بیان کے مطابق افغانستان میں امریکی اور اتحادی افواج کے انخلا کے بعد بڑی مقدار میں جدید ہتھیار، فوجی سازوسامان اور دیگر جنگی وسائل پہلے ہی موجود ہیں۔
‎وزارت اطلاعات کے مطابق افغانستان میں امریکی اور اتحادی افواج کی جانب سے چھوڑے گئے فوجی سازوسامان کی مالیت کا تخمینہ تقریباً 7.2 ارب امریکی ڈالر لگایا گیا ہے۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ افغان سرزمین پر موجود وسیع پیمانے پر اسلحے کی موجودگی کو پاکستان سے مبینہ اسمگلنگ سے جوڑنا درست نہیں۔
‎بیان میں مزید کہا گیا کہ افغانستان میں کئی دہائیوں سے جاری جنگوں کے باعث سوویت دور کے ہتھیاروں کے بڑے ذخائر بھی موجود ہیں، جو وہاں اسلحے کی موجودگی کی ایک اہم وجہ ہیں۔
‎پاکستانی وزارت اطلاعات نے افغان حکام پر زور دیا کہ وہ بے بنیاد الزامات عائد کرنے کے بجائے اپنی سرزمین پر موجود دہشت گرد گروہوں اور ان کے مبینہ مراکز کے خلاف مؤثر کارروائی کریں۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ افغان سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے۔

More posts