Baaghi TV

بھارت: امتحانات میں بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر بدترین لاٹھی چارج اور شیلنگ

india

بھارت کی ریاست جھارکھنڈ میں سرکاری ملازمتوں کے امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف کئی ہفتوں سے جاری نوجوانوں کا احتجاج شدت اختیار کر گیا۔

ہزاروں مظاہرین نے ریاستی اسمبلی کی جانب مارچ کیا، جسے روکنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس، واٹر کینن اور لاٹھی چارج کا استعمال کیا۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ مبینہ پرچہ لیک اور نقل سمیت بے ضابطگیوں کی مرکزی تحقیقاتی ادارے سے آزادانہ تحقیقات کرائی جائیں۔

ریاستی دارالحکومت رانچی میں پرچم اٹھائے مظاہرین نے پولیس کی جانب سے کھڑی کی گئی رکاوٹیں عبور کرنے کی کوشش کی اور اسمبلی کی طرف پیش قدمی کی پولیس نے انہیں روکنے کے لیے پانی کی توپوں کا استعمال کیا جبکہ آنسو گیس کے شیل بھی فائر کیے گئے پانی کی بوچھاڑ کے باوجود بعض مظاہرین نے احتجاج جاری رکھتے ہوئے نعرے لگائے اور رقص کیا، جھڑپوں میں متعدد مظاہرین اور پولیس اہلکار زخمی ہوئے، تاہم زخمیوں کی تعداد سرکاری طور پر نہیں بتائی گئی۔

مظاہرین مطالبہ کر رہے ہیں کہ بھارت کے مرکزی تحقیقاتی ادارے، سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی)، سے سرکاری ملازمتوں کے امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کرائی جائیں ان کا مؤقف ہے کہ صرف ایک آزاد اور غیر جانب دار تحقیقات ہی امتحانات میں مبینہ بدعنوانی اور بے قاعدگیوں کی اصل حقیقت سامنے لاسکتی ہے۔

نوجوانوں کا الزام ہے کہ سرکاری ملازمتوں کے لیے ہونے والے امتحانات میں پرچے لیک ہونے، نقل اور دیگر بے ضابطگیوں کو روکنے میں حکام ناکام رہے ہیں۔ ان کے مطابق اس صورتحال نے لاکھوں نوجوانوں کے لیے میرٹ کی بنیاد پر سرکاری ملازمت حاصل کرنے کے مواقع کو متاثر کیا ہے۔

واضح رہے کہ جھارکھنڈ طویل عرصے سے بے روزگاری کے مسئلے سے دوچار ہے، جس کے باعث سرکاری ملازمتیں نوجوانوں میں انتہائی مقبول ہیں۔ سرکاری شعبے کی ملازمتوں میں ملازمت کا تحفظ، صحت کی سہولیات اور پنشن سمیت متعدد مراعات حاصل ہونے کی وجہ سے ان آسامیوں کے لیے مقابلہ انتہائی سخت ہوتا ہے۔

ماہرین کے مطابق سرکاری ملازمتوں کے محدود مواقع اور ان کے لیے بڑھتے ہوئے مقابلے کے باعث امتحانات میں شفافیت نوجوانوں کے لیے انتہائی اہمیت اختیار کرچکی ہے، جبکہ حالیہ احتجاج حکومت کے لیے بھرتی کے نظام میں شفافیت اور میرٹ یقینی بنانے کے حوالے سے ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے-

More posts