Baaghi TV

نئے صوبوں کی رابطہ مہم کیلئے علیم خان کا ملک کے مختلف علاقوں کے دوروں کا اعلان

صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان سے جنوبی پنجاب کی اہم سیاسی شخصیات کے وفود نے ملاقات کی، جس میں نئے صوبوں کے قیام کے مطالبے پر مسلسل آواز اٹھانے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا اور ملتان کے دورے کی دعوت دی گئی۔

ملاقات میں آئی پی پی کے سیکریٹری جنرل میاں خالد محمود اور صوبائی صدر رانا نذیر احمد خان بھی موجود تھے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ نئے صوبوں کے لیے رابطہ مہم مزید تیز کی جائے گی اور ہم خیال سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ بہاولپور اور ملتان کے بعد ہزارہ کا بھی دورہ کیا جائے گا۔

عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پمز سانحے سے واضح ہوتا ہے کہ موجودہ نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے، جب تک تبدیلی کے لیے خود کو تیار نہیں کیا جائے گا، حالات تبدیل نہیں ہوں گے۔ نئے صوبوں کے قیام پر ہم آہنگی اور رائے عامہ پہلے ہی کافی حد تک ہموار ہوچکی ہے، اب ’’نئے صوبے، نیا نظام‘‘ کے نعرے کو عملی شکل دینے کا وقت آگیا ہے۔

انہوں نے جلد ملتان اور بہاولپور کا دورہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے جنوبی پنجاب میں آئی پی پی کا مرکزی دفتر ملتان میں قائم کرنے اور سیاسی سرگرمیاں تیز کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے انتظامی یونٹس کے قیام کے بغیر نظام کی خامیوں کو دور نہیں کیا جاسکتا۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ ماضی میں کئی سیاسی رہنماؤں نے جنوبی پنجاب صوبے کا صرف نعرہ لگایا لیکن عملی اقدامات نہیں کیے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی مفاد میں نئے صوبوں کے قیام کا بیڑا ایمانداری سے اٹھایا ہے، اگر کسی کو اس معاملے پر اعتراض ہے تو اس کی وجہ صرف ’’چوہدراہٹ‘‘ ہے۔

ملاقات میں شریک سیاسی شخصیات نے کہا کہ انتخابات سے قبل نئے صوبوں کی بات کرنے والے بعد میں ساڑھے چار سال تک اس معاملے کو بھلا دیتے ہیں۔ وفود نے گلگت بلتستان میں حکومت سازی پر عبدالعلیم خان کو مبارکباد بھی دی۔

شرکا نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق عبدالعلیم خان کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے نئے صوبوں کا قیام ناگزیر ہے، جبکہ اس معاملے پر استحکام پاکستان پارٹی کی پالیسی واضح ہے۔

More posts