میئر کراچی اور پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی منگنی اور شادی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو غلط اور بے بنیاد قرار دے دیا۔
مرتضیٰ وہاب نے ہفتے کی رات گئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو کی شادی سے متعلق زیر گردش رپورٹس میں کوئی صداقت نہیں۔ تاہم بلاول بھٹو زرداری یا ان کے خاندان کی جانب سے اس معاملے پر تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
سوشل میڈیا پر حالیہ دنوں میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ 38 سالہ بلاول بھٹو زرداری کی شادی ایک یورپی خاندان میں ہونے والی ہے۔ بعض رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا کہ صدر آصف علی زرداری اپنے صاحبزادے کی شادی کے حوالے سے بات چیت اور تاریخ طے کرنے کے لیے یورپ کی ریاست لیختن اسٹائن گئے ہیں۔
ان رپورٹس میں مزید دعویٰ کیا گیا تھا کہ بلاول بھٹو کی ہونے والی دلہن آسٹریا کی سابق شہزادی ہیں۔ روزنامہ اوصاف نے بھی نامعلوم ذرائع کے حوالے سے بلاول کی شادی کی تیاریاں شروع ہونے کی خبر شائع کی تھی، تاہم بعد میں یہ رپورٹ ویب سائٹ سے ہٹا دی گئی۔
27 اگست کو صدرِ مملکت کے دفتر نے ایکس پر جاری بیان میں تصدیق کی تھی کہ آصف علی زرداری نجی دورے پر بیرون ملک روانہ ہوئے ہیں، تاہم ان کے دورے کی مزید تفصیلات نہیں بتائی گئی تھیں۔
بلاول بھٹو زرداری کی شادی سے متعلق اس سے قبل بھی مختلف مواقع پر خبریں سامنے آتی رہی ہیں۔ 2024 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران ایک صحافی نے ان سے شادی کے بارے میں سوال کیا تھا، جس پر بلاول نے مسکراتے ہوئے کہا تھا کہ یقیناً ان کا شادی کرنے کا ارادہ ہے، تاہم انہوں نے کسی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا تھا۔
