Baaghi TV

7 سال بعد اینکر مرید عباس قتل کیس کا فیصلہ، مرکزی ملزم کو دو بار سزائے موت

کراچی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت ساؤتھ نے معروف ٹی وی اینکر مرید عباس اور ایک اور شہری کے قتل کے مقدمے کا سات برس بعد فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم عاطف زمان کو دو مرتبہ سزائے موت سنا دی۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ استغاثہ ملزم کے خلاف قتل کا جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہا، جس کے بعد عاطف زمان کو دونوں مقتولین کے قتل پر الگ الگ سزائے موت دی گئی۔عدالت نے اپنے فیصلے میں مفرور شریک ملزم عادل زمان کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے۔ ٹرائل کورٹ اس سے قبل عادل زمان کو اشتہاری قرار دے چکی ہے، جبکہ اس کی گرفتاری کے لیے قانونی کارروائی جاری رہے گی۔عدالت نے سزا کے ساتھ یہ بھی حکم دیا کہ مجرم عاطف زمان دونوں مقتولین کے ورثا کو پانچ، پانچ لاکھ روپے بطور معاوضہ ادا کرے۔ عدالتی فیصلے کے مطابق معاوضے کی ادائیگی متاثرہ خاندانوں کے قانونی حق کے طور پر کی جائے گی۔

واضح رہے کہ معروف نیوز اینکر مرید عباس اور ان کے دوست خضر حیات کو 9 جولائی 2019 کو کراچی میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ اس واقعے نے ملک بھر میں شدید توجہ حاصل کی تھی، جبکہ مقدمے کی طویل سماعت کے بعد بالآخر عدالت نے سات سال بعد اپنا فیصلہ سنا دیا۔

More posts