انمول پنکی کے انکشافات کے بعد پنجاب کے منشیات نیٹ ورک میں بھی ہلچل مچ گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق لاہور پولیس نے کراچی پولیس سے رابطہ کرکے پنجاب بھر کے مبینہ ڈرگ ڈیلرز کی فہرست اور انمول پنکی کے بیانات طلب کرلیے ہیں۔
پنجاب بھر میں منشیات فروشوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، لاہور کے مقدمات کی تفتیش کیلئے بھی کراچی پولیس سے تفصیلات حاصل کرلی گئیں۔پولیس ذرائع کے مطابق انمول پنکی کا ریکٹ کراچی سے لاہور میں بھی آپریٹ کرتا رہا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پنکی کے پنجاب میں ڈرگ ڈیلرز سے متعلق انکشافات کو لاہور پولیس کے ساتھ شیئر کیا جائے گا، لاہور پولیس کو ملزمہ پنکی کے بیانات اور منشیات ریکٹ کا ریکارڈ فراہم کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق لاہور میں انمول پنکی کو 2024ء میں اس وقت کے پولیس نارکوٹکس یونٹ نے گرفتار کیا تھا۔
علاوہ ازیں منشیات سے متعلق کیس میں انمول عرف پنکی کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
، 2019 میں تھانہ لیاقت آباد میں منشیات ایکٹ کی دفعہ 9C کے تحت درج مقدمے میں مزید پیش رفت سامنے آئی ہے۔ مقدمے میں طاہر سلیم کو بھی نامزد کیا گیا ہے، جس نے دورانِ تفتیش مؤقف اختیار کیا کہ وہ انمول عرف پنکی کا مبینہ مال فروخت کرتا رہا ہے۔تحقیقات کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ ڈی آئی جی انویسٹیگیشن نے سی آر او برانچ کو خصوصی ٹاسک سونپا ہے۔ حکام کے مطابق گزشتہ دس سال کے ریکارڈ کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ تمام مقدمات میں ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی ریکارڈ مرتب کیا جا سکے۔مزید بتایا گیا ہے کہ اگر کسی بھی مرحلے پر تفتیش میں غفلت سامنے آئی تو ذمہ دار افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی.
