Baaghi TV

ایپل نے پہلی بار فولڈ ایبل آئی فون لانچ کردیا

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے پہلی بار تہہ ہونے والا آئی فون مارکیٹ میں متعارف کرا دیا، جسے کمپنی کی تاریخ کا ایک اہم اور نمایاں نیا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ اگرچہ سام سنگ سمیت کئی دیگر کمپنیوں کے فولڈ ایبل فون پہلے ہی مارکیٹ میں موجود ہیں، تاہم ایپل نے پہلی مرتبہ اس شعبے میں قدم رکھا ہے۔

ایپل کے نئے فولڈ ایبل آئی فون کا نام ’ڈیو‘ بتایا گیا ہے، جس کا ڈیزائن اور حجم کسی حد تک پاسپورٹ سے مشابہ ہے۔ فون میں گول کناروں کے ساتھ 19 سینٹی میٹر کی اسکرین دی گئی ہے، جسے صارف افقی اور عمودی دونوں انداز میں استعمال کرسکتا ہے۔

فون کو تہہ شدہ حالت میں استعمال کرنے کے لیے ایک چھوٹی اسکرین بھی فراہم کی گئی ہے، جبکہ فون کھولنے کے بعد بڑی اسکرین دستیاب ہوتی ہے۔ ایپل کے مطابق کھلی حالت میں یہ کمپنی کا اب تک کا سب سے پتلا آئی فون ہے، جسے ڈیزائن اور ٹیکنالوجی کے اعتبار سے جدید انداز میں تیار کیا گیا ہے۔

فولڈ ایبل آئی فون ’ڈیو‘ کو ایپل کا اب تک کا مہنگا ترین آئی فون بھی قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کے بہترین ورژن کی قیمت 3 ہزار 199 ڈالر مقرر کی گئی ہے، جس کے باعث یہ پریمیم اسمارٹ فون مارکیٹ میں ایک انتہائی مہنگے آپشن کے طور پر سامنے آیا ہے۔

ایپل کے نئے سربراہ جان ٹرنس نے ایک رنگا رنگ تقریب کے دوران نئے فولڈ ایبل آئی فون کی رونمائی کی۔ اس موقع پر فون کے ڈیزائن، اسکرین اور دیگر نمایاں خصوصیات پیش کی گئیں۔

ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق فولڈ ایبل فونز کی مارکیٹ میں پہلے ہی سخت مقابلہ موجود ہے، اس لیے ایپل کے لیے نئے آئی فون کی کامیابی ایک اہم امتحان ہوگی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مہنگے ترین آئی فون کو صارفین میں مقبول بنانا ایپل کے نئے سربراہ جان ٹرنس کے لیے سب سے بڑا چیلنج ثابت ہوسکتا ہے۔

More posts