Baaghi TV

اپوواکے زیرِ اہتمام ملک یعقوب اعوان کی کتاب ادھورا چاند کی تقریب رونمائی

آل پاکستان رائٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن (اپووا) کے زیرِ اہتمام اپووا کے سینئر وائس چیئرمین ملک یعقوب اعوان کی کتاب ’’ادھورا چاند‘‘ کی ایک شاندار اور پروقار تقریبِ رونمائی لاہور کے معروف ہوٹل پاک ہیری ٹیج میں منعقد ہوئی

ادبی تقریب میں ملک کے ممتاز شعرا، ادبا، لکھاریوں اور مختلف شعبۂ ادب سے وابستہ نامور شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔تقریب کی صدارت معروف شاعر، ادیب ناصر بشیر صاحب نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی کے طور پر نامور پنجابی شاعر و نغمہ نگار ایس ایم صادق، معروف شاعر ویر سپاہی شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ معروف شاعرہ نرگس نور، نامور لکھاری اشفاق احمد خان، معروف لکھاری و مصنفہ ڈاکٹر فضیلت بانو،لیجنڈ اداکار حسیب پاشا( ہامون جادوگر)ڈی ایس پی شہزادی گلفام ، اینکر پرثناء آغا خان،معروف ادبی شخصیت مقبول چوہان سمیت ادب و ثقافت سے وابستہ متعدد معزز شخصیات کی شرکت نے تقریب کی علمی و ادبی وقعت میں مزید اضافہ کیا۔ مصنفہ قرۃ العین خالد ،لکھاری و صحافی فرسہ رانا نے بھی تقریب سے خطاب کیا ۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت حافظ محمد زاہد نے حاصل کی۔ بعد ازاں خالد مسعود نے نہایت عقیدت کے ساتھ نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی، جس سے محفل پر روحانی کیفیت طاری ہو گئی ،نائب صدرسفیان علی فاروقی نے سینئر نائب صدر حافظ محمد زاہد کے والد محترم اور بانی اپووا ایم ایم علی کے ماموں کے انتقال پر مرحومین کے ایصالِ ثواب کے لیے اجتماعی دعائے مغفرت کروائی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ملک یعقوب اعوان کی کتاب ’’ادھوراچاند‘‘ دنیائے ادب میں ایک خوبصورت اور منفرد اضافہ ثابت ہوگی۔ مقررین نے ملک یعقوب اعوان کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف ایک سنجیدہ اور باوقار ادبی شخصیت ہیں بلکہ ماضی میں پنجاب پولیس کے نامور افسر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں، جو ان کی شخصیت کے نظم، وقار اور فکری پختگی کا مظہر ہے۔

تقریب کے اختتام پر اپووا کے عہدیدرا توصیف ملک اور اپووا کے رکن رانادانش کی سالگرہ کے کیک بھی کاٹے گئے، جس سے محفل میں خوشگوار فضا پیدا ہو گئی۔

تقریب کے آغاز سے قبل تمام شرکاء کے لیے پرتکلف بوفے ناشتے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔جبکہ تقریب کے اختتام پر اپووا کے کوآرڈینیٹر قصور طارق نوید سندھو کی جانب سے شرکاء کا مٹھائی سے منہ میٹھا کروایا گیا۔یوں یہ ادبی تقریب نہایت خوش اسلوبی، فکری گہرائی اور تنظیمی حسن کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔

More posts