Baaghi TV

ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کے کیلئے 700 ملین ڈالر قرض منظور

pak

اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں انشورنس شعبے کی اصلاحات اور مالیاتی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے 700 ملین ڈالر کے پالیسی پر مبنی قرض کی منظوری دے دی ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق انشورنس ٹرانسفارمیشن پروگرام کا مقصد ملک میں انشورنس کوریج کو وسعت دینا، مالی تحفظ میں موجود خلا کو کم کرنا اور نجی شعبے کی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔ بینک کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام پائیدار اقتصادی ترقی کی حمایت کے ساتھ پاکستان کی مالیاتی مضبوطی کو بھی مستحکم کرے گا،اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پروگرام کے تحت گھریلو صارفین، کاروباری اداروں، کسانوں اور عوامی مالیات کو شدید موسمی حالات، قدرتی آفات اور دیگر خطرات کے خلاف مالی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق اصلاحات کے نتیجے میں مالیاتی کمزوریوں میں کمی، بحرانوں سے تیزی سے بحالی اور عوامی خزانے پر دباؤ کم ہونے کی توقع ہے۔اے ڈی بی کے مطابق یہ پروگرام پاکستان کے انشورنس شعبے کو قواعد پر مبنی نظام سے خطرات اور مارکیٹ پر مبنی جدید نظام میں منتقل کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ اصلاحات کے ذریعے طویل المدتی سرمایہ کاری کو متحرک کرنے اور ایک زیادہ جامع، مستحکم اور مضبوط انشورنس مارکیٹ کے قیام کی راہ ہموار ہوگی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں انشورنس کی رسائی مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) کے صرف 0.7 فیصد کے برابر ہے، جس کے باعث بڑی تعداد میں گھرانے، کاروبار اور کسان ماحولیاتی، صحت اور معاشی خطرات کے مقابلے میں مالی طور پر غیر محفوظ ہیں۔ قرض کے ذریعے قدرتی آفات سے نمٹنے کے مالیاتی انتظامات اور جامع مالیاتی تحفظ کے اقدامات کو بھی تقویت دی جائے گی،ایشیائی ترقیاتی بینک نے مزید کہا کہ پروگرام کے تحت کسانوں، خواتین اور کمزور طبقوں کے لیے جامع اور ہنگامی حالات سے ہم آہنگ انشورنس مصنوعات متعارف کرائی جائیں گی، جبکہ خواتین اور لڑکیوں کی ضروریات کے مطابق خصوصی انشورنس حل کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی۔

More posts