پاکستان کے معروف گلوکار عاصم اظہر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر 600 سے زائد پرانی تصاویر اور ویڈیوز دوبارہ بحال کر دی ہیں، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے ماضی سے جڑی یادیں ایک بار پھر تازہ ہو گئی ہیں۔ بحال کی گئی پوسٹس میں اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ شیئر کی گئی متعدد تصاویر بھی شامل ہیں، جنہوں نے مداحوں اور شوبز حلقوں کی خصوصی توجہ حاصل کر لی۔
انسٹاگرام پر پوسٹس واپس لانے کے بعد عاصم اظہر نے ایک دلچسپ پیغام بھی شیئر کیا۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں لکھا، "آپ سب کو خوش آمدید، اب کچھ پرانے اور شرمندگی سے بھرے لمحات سے لطف اٹھائیں۔” اس مختصر پیغام نے مداحوں کا تجسس مزید بڑھا دیا اور دیکھتے ہی دیکھتے ان کی پرانی تصاویر اور ویڈیوز دوبارہ وائرل ہونا شروع ہو گئیں۔
اگرچہ عاصم اظہر نے اپنے فنی سفر، کنسرٹس، دوستوں، اہل خانہ اور کیریئر سے متعلق سینکڑوں پوسٹس بحال کیں، تاہم سوشل میڈیا صارفین کی زیادہ توجہ ان تصاویر پر مرکوز رہی جن میں وہ ہانیہ عامر کے ساتھ نظر آئے۔ مختلف شوبز اور انٹرٹینمنٹ پیجز نے بھی انہی تصاویر کو نمایاں انداز میں شیئر کیا، جس کے بعد دونوں فنکاروں کے ماضی کے تعلقات ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیر بحث آ گئے۔
صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے عاصم اظہر نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے وضاحت بھی پیش کی۔ انہوں نے لکھا کہ انہیں افسوس ہے کہ بیشتر میڈیا پلیٹ فارمز نے صرف چند مخصوص تصاویر کو ہی نمایاں کیا، جبکہ انہوں نے مجموعی طور پر 600 سے زائد پوسٹس بحال کی ہیں، جن میں ان کے کیریئر، موسیقی، یادگار لمحات اور ذاتی سفر کی جھلکیاں شامل ہیں۔
عاصم اظہر نے مزید کہا کہ ان کے مداح کافی عرصے سے مطالبہ کر رہے تھے کہ وہ اپنی پرانی پوسٹس دوبارہ منظر عام پر لائیں تاکہ وہ ان کے فنی سفر اور یادگار لمحات کو ایک بار پھر دیکھ سکیں۔ اسی خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے اپنی آرکائیو کی گئی تصاویر اور ویڈیوز بحال کرنے کا فیصلہ کیا۔
ادھر سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے عاصم اظہر کے اس اقدام کو صرف یادوں کو تازہ کرنے کی کوشش قرار دیا، جبکہ کچھ نے ہانیہ عامر کے ساتھ ان کی پرانی تصاویر کو دوبارہ موضوع بحث بنا دیا۔ تاہم عاصم اظہر کی وضاحت کے بعد یہ تاثر مضبوط ہوا کہ پوسٹس کی بحالی کا مقصد کسی خاص شخصیت کو نمایاں کرنا نہیں بلکہ اپنے مداحوں کو اپنے پورے فنی سفر کی جھلک دوبارہ دکھانا تھا۔
عاصم اظہر نے ہانیہ عامر کے ساتھ پرانی انسٹاگرام پوسٹس بحال کردیں
