Baaghi TV


فیلڈ مارشل عاصم منیر سے امریکی ارکانِ کانگریس کی ملاقات

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے امریکی کانگریس کے ایک وفد نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی، دفاعی تعاون اور اقتصادی روابط کے فروغ سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
‎پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق امریکی وفد میں ریاست مونٹانا سے کانگریس کے رکن رائن کیتھ زنکے اور ریاست واشنگٹن سے رکن مائیکل جیمز شامل تھے۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں پاکستان اور امریکا کے درمیان تعاون کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
‎آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، دفاعی تعاون اور اقتصادی خوشحالی کے فروغ کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی۔ اس موقع پر دوطرفہ اقتصادی روابط، نجی شعبے کے اشتراک اور تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے مواقع بھی زیر بحث آئے۔
‎فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے گفتگو کے دوران پاکستان کی وسیع اقتصادی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کا انحصار مضبوط معیشت، تجارت کے فروغ اور علاقائی روابط پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے اور اقتصادی اصلاحات پر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے۔
‎انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ، کاروبار دوست پالیسیوں اور اقتصادی ترقی کے لیے حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ اصلاحات پاکستان کو علاقائی تجارت اور سرمایہ کاری کا اہم مرکز بنانے میں معاون ثابت ہوں گی۔
‎آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد نے علاقائی امن و استحکام، انسداد دہشت گردی کی کوششوں اور اقتصادی ترقی میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ وفد نے پاکستان کی عسکری قیادت کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
‎ملاقات کو پاکستان اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی اور دفاعی روابط کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔

More posts