ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز)میونسپل کمیٹی ننکانہ صاحب کے دفتر میں مالیوں اور دیگر ملازمین کو اعزازیہ دینے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد کھوکھر نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر، ایکسین ہائی وے اور چیف آفیسر بلدیہ بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے ملازمین سے ملاقات کی اور شہر کی خوبصورتی اور صفائی کے لیے بہترین کارکردگی دکھانے پر ان کی حوصلہ افزائی کی۔
ڈپٹی کمشنر اور دیگر افسران نے مجموعی طور پر 31 ملازمین میں فی کس 10 ہزار روپے اعزازیہ تقسیم کیا۔ یہ اعزازیہ گرین بیلٹس، پبلک پارکس کی بحالی اور سٹریٹ لائٹس کی بہتری پر نمایاں خدمات انجام دینے والے ملازمین کو دیا گیا۔
اس موقع پر افسران نے کہا کہ ننکانہ صاحب کی بیوٹیفکیشن کو یقینی بنانے کے لیے ملازمین دن رات محنت کر رہے ہیں۔ گرین بیلٹس اور پبلک پارکس کی بحالی پر مامور ملازمین روزانہ 14 گھنٹے سے زائد کام کر رہے ہیں، جبکہ شہر کو خوبصورت بنانے کے لیے کام ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے۔
