پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عائزہ خان نے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی طلاق اور علیحدگی کی افواہوں پر بالواسطہ ردعمل دے کر مداحوں کو تشویش سے نکال دیا ہے۔
عائزہ خان اور ان کے شوہر، معروف اداکار دانش تیمور، پاکستانی شوبز کی مقبول جوڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ دونوں کی نجی زندگی سے متعلق قیاس آرائیوں نے اس وقت زور پکڑا جب عائزہ خان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر تصاویر اور اپنے انداز میں کچھ تبدیلیاں کیں۔ اداکارہ کی جانب سے نسبتاً مختلف طرز کے لباس اور تصاویر شیئر کیے جانے کے بعد مداحوں کی جانب سے مختلف تبصرے سامنے آنے لگے۔
قیاس آرائیوں میں اس وقت مزید اضافہ ہوا جب عائزہ خان دانش تیمور کے ڈرامے ہمراہی کے فائنل کی سنیما پریمیئر تقریب میں شریک نہیں ہوئیں۔ اس غیر موجودگی کے بعد سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے دونوں کے درمیان علیحدگی اور طلاق سے متعلق افواہیں پھیلانا شروع کر دیں۔
تاہم عائزہ خان نے ان افواہوں پر براہ راست کوئی بیان جاری کرنے کے بجائے اپنے مخصوص انداز میں ردعمل دیا، جسے مداحوں نے ان تمام قیاس آرائیوں کا جواب قرار دیا۔ اداکارہ کے ردعمل کے بعد ان کے مداحوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر مشہور شخصیات کی ذاتی زندگی کے حوالے سے بغیر تصدیق خبریں اور افواہیں پھیلانے سے گریز کرنا چاہیے۔
عائزہ خان نے کم عمری میں شوبز کی دنیا میں قدم رکھا اور اپنی شاندار اداکاری کے باعث جلد ہی پاکستان کی صف اول کی اداکاراؤں میں شامل ہو گئیں۔ متعدد کامیاب ڈراموں میں اداکاری کے بعد اب وہ فلمی دنیا میں بھی اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنے کی تیاری کر رہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق عائزہ خان اداکار فواد خان کے ساتھ ہدایت کار ندیم بیگ کی فلم کے ذریعے سنیما میں قدم رکھیں گی۔ مداح اب اداکارہ کے اس نئے سفر کے لیے بھی بے حد پرجوش ہیں۔
عائزہ خان نے طلاق کی افواہوں پر بالواسطہ ردعمل دے دیا
