Baaghi TV

بلوچستان میں 10 محرم تک دفعہ 144 نافذ

بلوچستان حکومت نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق دفعہ 144 یکم محرم سے 10 محرم الحرام تک نافذ العمل رہے گی، محرم کے دوران اشتعال انگیز، فرقہ وارانہ اور نفرت آمیز مواد کی تشہیر پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ سوشل میڈیا سمیت تمام ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر نفرت انگیز مواد کی اشاعت بھی ممنوع قرار دی گئی ہے حکومت نے اسلحہ اور گولہ بارود کی نمائش اور عوامی مقامات پر لے جانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے حساس مقاما ت اور جلوسوں تک مشتبہ افراد کی رسائی محدود رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے اسی طرح عوامی مقامات اور جلوسوں کے راستوں پر پیشہ ور بھکاریوں کی موجودگی بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق کوئٹہ میں محرم کے دوران موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر مکمل پابندی ہو گی، جبکہ بیرون ضلع لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کے لیے پیشگی اجازت لینا لازمی قرار دیا گیا ہے جلوسوں کے راستوں پر واقع عمارتوں کی چھتوں اور بالکونیوں میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، کوئٹہ اور نصیرآباد میں وال چاکنگ، بینرز، پوسٹرز اور پمفلٹس لگانے پر بھی پابندی ہو گی جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 سمیت متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی، ڈپٹی کمشنرز، پولیس اور دیگر متعلقہ ادار وں کو ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

More posts