Baaghi TV

آزاد کشمیر میں امن تباہ کرنے کی بھارتی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں،خواجہ آصف

khawaja asif

اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے بنوں میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے معصوم شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ بنوں میں معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا گیا جو انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ ایک سال کے دوران دہشت گردی کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، تاہم اب وقت آ گیا ہے کہ پوری قوم اتحاد و اتفاق کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑے تاکہ اس ناسور کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کیا جا سکے۔وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت اور افغانستان کا کردار موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس کی شکست کے بعد افغانستان بھی بھارت کے ساتھ مل کر پاکستان کی سرزمین پر دہشت گردی کو فروغ دینے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشت گرد عناصر کو شکست دینے کے لیے مربوط اور فیصلہ کن اقدامات ناگزیر ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کے ہر صوبے میں امن و استحکام کا قیام ریاست کی اولین ترجیح ہے اور ملک بھر میں امن کی فضا کو برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں امن تباہ کرنے کی بھارتی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں، تاہم بعض عناصر بھارت کے ایما پر کشمیری عوام کی قربانیوں کو فراموش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہاں آج بھی ظلم و ستم کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ کشمیری قیادت جیلوں میں قید زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیوں کی ایک طویل اور دردناک داستان ہے جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

More posts