Baaghi TV

بلاول بھٹو جیالا فورس کا پیپلز پارٹی سے کوئی تعلق نہیں،مرکزی سیکرٹریٹ

bilawal

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ کی جانب سے ایک اہم اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ “بلاول بھٹو جیالا فورس پاکستان پیپلز پارٹی” کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی یہ تنظیم کسی بھی سطح پر منظور شدہ یا الحاق یافتہ ہے۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے نام سے منسوب اس نام نہاد گروپ کی تمام سرگرمیاں، تقرریاں اور نوٹیفکیشنز جعلی اور غیر قانونی ہیں۔پارٹی ترجمان کے مطابق رانا شبیر حسین ٹکہ اور ملک محمد یونس اعوان کی جانب سے جاری کیے گئے تمام عہدے، نامزدگیاں اور نوٹیفکیشنز کو مکمل طور پر غیر مجاز اور بے بنیاد قرار دیا گیا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے نام اور پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے کسی بھی قسم کی جعلسازی، جھوٹی نمائندگی یا غیر قانونی تنظیمی سرگرمی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔مزید کہا گیا ہے کہ پارٹی نام کے غلط استعمال میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ ایسی تمام سرگرمیوں سے پاکستان پیپلز پارٹی نے مکمل لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔مرکزی سیکریٹریٹ نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ بھی اگر کسی نے پارٹی کے نام پر کوئی غیر مجاز سرگرمی کی تو اس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ افراد پر عائد ہوگی۔

یہ اعلامیہ انچارج سینٹرل سیکرٹریٹ سید سبط الحیدر بخاری کی جانب سے جاری کیا گیا ہے، جس میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ پارٹی کے نام اور تنظیمی ڈھانچے کے غلط استعمال کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

More posts