Baaghi TV


قیدیوں کے فرار کا مقدمہ درج، 5 پولیس اہلکار بھی نامزد

‎راولپنڈی: کہوٹہ سے اڈیالہ جیل منتقل کیے جانے والے قیدیوں کے فلمی انداز میں فرار ہونے کے واقعے کا مقدمہ تھانہ سہالہ میں درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمے میں قیدیوں کے ساتھ ساتھ ان کی نگرانی پر مامور سب انسپکٹر سمیت پانچ پولیس اہلکاروں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
‎پولیس کے مطابق قیدیوں کو لے جانے والی وین میں مجموعی طور پر 34 قیدی سوار تھے۔ راستے میں 14 قیدی مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں کی آنکھوں میں لال مرچیں پھینک کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے فوری تعاقب کرتے ہوئے 4 مفرور قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کر لیا، جبکہ 10 قیدی تاحال مفرور ہیں اور ان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
‎ایف آئی آر کے متن کے مطابق اڈیالہ جیل منتقلی کے دوران بعض قیدیوں نے شور شرابا اور جھگڑا شروع کر دیا۔ جب پولیس اہلکار انہیں روکنے کے لیے وین کا دروازہ کھولنے لگے تو ملزمان نے ان کی آنکھوں میں لال مرچیں پھینک دیں اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
‎تھانہ سہالہ میں درج مقدمے میں پولیس آرڈر 2002ء کی دفعہ 155-C اور 155-D بھی شامل کی گئی ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور مفرور قیدیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
‎حکام کے مطابق قیدیوں کی حراست اور سیکیورٹی انتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ واقعے کے ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکے۔

More posts