اسلام آباد: ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، جبکہ مختلف شہروں میں محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کئی علاقوں میں گرمی کی شدت 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق سرگودھا میں گرمی کی شدت 54 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا رہی ہے، جبکہ سکھر میں 52 ڈگری اور فیصل آباد میں 51 ڈگری سینٹی گریڈ محسوس کی گئی۔ اسی طرح دادو اور پشاور میں بھی گرمی کی شدت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق لاہور میں گرمی کی شدت 49 ڈگری، سیالکوٹ میں 48 ڈگری اور ملتان میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب کراچی میں سمندری ہواؤں کے باعث نسبتاً کم شدت ریکارڈ کی گئی، جہاں محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
ماہرین موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی کے دوران شہری غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھیں تاکہ ہیٹ اسٹروک اور گرمی سے متعلق دیگر طبی مسائل سے محفوظ رہا جا سکے۔
ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر، کئی شہروں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سے زیادہ
