بھارت کے غیر قانونی زیرِقبضہ جموں کشمیر میں بھارتی پولیس نے اظہارِ رائے کی آزادی کے حق پر ایک اور حملے میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی رہنما التجاء مفتی کے خلاف بزرگ حریت قائد سید علی گیلانی شہید کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی کا یہ ویڈیو کلپ اردو زبان کی اہمیت و افادیت کے بارے میں ہے جسے بی جے پی کی ہندوتوا بھارتی حکومت ختم کر نے پر تلی ہوئی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق التجا مفتی کی طرف سے اپ لوڈ کیا جانے والا یہ ویڈیو کلپ گزشتہ روز منظرعام پر آیا جس کے بعد انکے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ قابض بھارتی حکام نے بتایا کہ ایف آئی آر میں کچھ دیگر افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے جنہوں نے ویڈیو کلپ کو شیئر کیا ہے۔ویڈیو کلپ میں سید علی گیلانی کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ بھارت ہمارے جوانوں کو اُردو زبان سے محروم کرنے کی کوشش کر رہا ہے ، اردو زبان میں ہمارا سارا دینی لٹریچر ہے ، پاکستان ہو ، بھارت ہو ، جموں کشمیر ہو اس پورے خطے میں دینی مواد اردو زبان میں ہے ، اگر اردو زبان سے ہم محروم ہو گئے تو اسکا مطلب ہے کہ ہم دینی لٹریچر سے محروم ہو گئے۔یہ بھارت کا منصوبہ ہے، لہٰذا ہمیں خود کوشش کرنی چاہیے کہ ہم اردو زبان سیکھیں ، جو بچے انگلش میڈیم میں پڑھتے ہیں، انہیں گھروں میں اردو زبان سیکھنی چاہیے۔
