آبنائے ہرمز کے قریب ایک چینی ملکیت کے تیل بردار جہاز پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز کے ڈیک پر آگ لگ گئی۔ واقعے نے خطے میں بحری سلامتی سے متعلق خدشات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
چینی میڈیا اداروں کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ کسی چینی تیل بردار جہاز کو براہِ راست نشانہ بنایا گیا۔ حملے کا شکار ہونے والے جہاز پر “چائنہ اونر اینڈ کریو” درج تھا، جس سے اس کی چینی ملکیت اور عملے کی نشاندہی ہوتی ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں عملے کے کسی فرد کے زخمی ہونے کی فوری تصدیق سامنے نہیں آئی، تاہم حکام صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔بحری سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ جہاز غالباً “جے وی انوویشن” نامی آئل اینڈ کیمیکل ٹینکر تھا، جو مارشل آئی لینڈ کے پرچم تلے رجسٹرڈ ہے۔
یہ واقعہ متحدہ عرب امارات کی ميناء صقر بندرگاہ کے قریب پیش آیا، جہاں حملے کے بعد جہاز کے ڈیک سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز عالمی تیل کی ترسیل کے لیے نہایت اہم گزرگاہ سمجھی جاتی ہے، اور اس نوعیت کے حملے بین الاقوامی توانائی منڈیوں پر اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔
