چترال ( فتح اللہ ) چترال کی وادی رومبور کی بالائی اور دور افتادہ چراگاہ بہوک میں گزشتہ شب شدید بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ایک نوجوان چرواہا جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔ افسوسناک واقعے میں درجنوں مال مویشی بھی ہلاک ہوگئے، جس سے مقامی چرواہوں کو بھاری مالی نقصان پہنچا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی چترال لیویز، چترال پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر امدادی کارروائی کے لیے روانہ ہوئیں۔ دشوار گزار پہاڑی راستوں کے باوجود چترال لیویز اور چترال پولیس کے اہلکار رات ہی کے وقت جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور مقامی افراد کے تعاون سے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ریسکیو 1122 نے خصوصی فور بائے فور ایمبولینس کے ذریعے زخمیوں تک رسائی حاصل کی۔ دونوں زخمیوں کو پہلے رومبور کی سول ڈسپنسری میں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، جس کے بعد مزید علاج کے لیے ریسکیو 1122 کی ایمبولینس کے ذریعے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چترال منتقل کر دیا گیا۔ادھر امدادی اہلکاروں، چترال لیویز، چترال پولیس اور مقامی رضاکاروں نے مشترکہ کوششوں سے جاں بحق نوجوان چرواہے کی میت بھی بہوک چراگاہ سے گاؤں منتقل کر دی، جہاں اہل خانہ کے حوالے کرنے کے بعد مقامی روایات کے مطابق آخری رسومات ادا کی جا رہی ہیں۔
واقعے کے بعد وادی رومبور میں سوگ کی فضا ہے۔ مقامی افراد نے مشکل حالات اور دشوار گزار راستوں کے باوجود بروقت امدادی کارروائیوں پر چترال لیویز، چترال پولیس، ریسکیو 1122 اور رضاکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ متعلقہ اداروں نے بروقت کارروائی کر کے زخمیوں کو محفوظ مقام تک منتقل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
