مرکزی مسلم لیگ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ خالد نیک نے کہا ہے کہ 11 ارب کا لگژری طیارہ خرید کر اس پر میانوالی اور کوئٹہ کا چکر لگانے والی وزیراعلیٰ پنجاب جواب دیں کہ طیارہ کن مقاصد کے لئے خریدا گیا، ایک طرف پنجاب کی عوام غربت کی وجہ سے خودکشیاں کر رہی ہےتو دوسری جانب حکمرانوں کی شاہ خرچیاں کم ہونے کا نام نہیں لے رہیں
حافظ خالد نیک کا کہنا تھا کہ حکومتوں کا کام عوام کو ریلیف دینا ہوتا ہے نہ کہ قومی خزانے کا بے جا ضیاع کرنا، لگژری طیارے کی خریداری بے جا فضول خرچی کے علاوہ کچھ نہیں، وزیراعلیٰ پنجاب کو اگر لگژری طیاروں پر سفر کا شوق ہے تو ذاتی پیسہ استعمال کریں، قوم کا پیسہ استعمال کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے، اب طیارے کے استعمال پر ماہانہ کروڑوں کا خرچ وہ بھی پنجاب کے خزانے سے جائے گا، ابھی بسنت میں جاں بحق افراد کا غم کم نہیں ہوا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی شاہ خرچیوں نے قوم کو مزید پریشان کر دیا،مرکزی مسلم لیگ پنجاب حکومت کی بے جا خرچوں پر خاموش نہیں بیٹھے گی،قوم حکمرانوں کا احتساب کرے گی.
